• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ پاکستان میں مجھے ناقابل فراموش پیار اور عزت ملی، سدھو

لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، صباح نیوز) سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان میں مجھے ناقابل فراموش پیار اور عزت ملی۔ نوجوت سدھو وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری میں خصوصی طور پر شرکت کے لئے پاکستان آئے تھے۔ بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو سینیٹر فیصل جاوید نے الوداع کیا اور وہ واہگہ بارڈر کے راستے واپس روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل سدھو نے لاہور کے علاقے ٹکسالی سے 2 جوڑی کوہاٹی چپلیں خریدیں جو سفید اور سلور رنگ کی تھیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں سے پیار اور عزت لے کر جا رہے ہیں، پاکستانیوں نے جو محبت دی وہ تاعمر یاد رہے گی، خود کو پیار سے مالا مال محسوس کر رہا ہوں۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ریگستان کی مٹی پر بارش پڑنے سے سوندھی خوشبو آنا اچھا شگن ہے، اچھی شروعات کرکے جا رہے ہیں، فاؤنڈیشن بنا کر اس امید سے جا رہے ہیں کہ کوئی اس پر عمارت کھڑی کر دے۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ ہونا چاہئے جس پر نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے ونرز کے درمیان میچ اچھا آئیڈیا ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا اعزاز سمجھتا ہوں کیونکہ یہ تاریخی تقریب تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ویژن بہت صاف ہے اور مجھے یقین ہے کہ ان کے آنے سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئے گی جس کی ہم سب کو ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان حلف لینے کے بعد ملے اور والہانہ انداز میں گلے لگایا جس کے بعد ہم نے کافی دیر تک باتیں بھی کیں اور میں نے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، عمران وہ شخص ہے جو سب کی سنتا ہے لیکن کرتا اپنے من کی ہے کیونکہ وہ سیدھی سوچ کا مالک ہے۔
تازہ ترین