گزشتہ دنوں پی ٹی آئی جاپان کے صدر سعید بھٹی اور ان کے جنرل سیکریٹری بیرسٹر عون شاہد نے سائی تامہ میں پی ٹی آئی کے دفتر کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا ، اس موقعے پر پارٹی کے جنرل سیکریٹری بیرسٹر عون شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کی اکثریت نئے پاکستان کے لئے دعا گو ہے اور اس کے لئے اپنی خدمات بھی پیش کرنے کے لئے حاضر ہے ۔ہم پاکستان کو عمران خان کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
جاپان میں پی ٹی آئی بہت متحرک ہے۔قبل ازیں پی ٹی آئی ہاؤس کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔تقریب میں غلام سرور شیخ ایڈووکیٹ، راجہ گوہر اختر ، شاعر ادیب دانشورصحافی محمد نوید امین ،معوذ ٹیپو ، رانا عامر ، شاہد مجید ، اشفاق مکھی ، ملک ذوالفقار اور شاہد اقبال نے شرکت کی۔پی ٹی آئی جاپان کے مرکزی صدر احمد سعید بھٹی جب رفقاء کے ساتھ تشریف لائے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔انہوں نے پی ٹی آئی ہائوس کا افتتاحی فیتہ بھی کاٹا۔اس پروقار اور یادگار تقریب میں مرکزی صدر احمد سعید بھٹی اور مرکزی جنرل سیکرٹری محمد عون شاہد نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔اس افتتاحی تقریب میں شاہد آفتاب ، نوید احمد ، ملک ذوالفقار اورانار اشفاق (سابق نائب صدر ن لیگ جاپان) نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔
پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے پر پی ٹی آئی جاپانی قیادت نے کھلے دل سے خوش آمدید کہا،تقریب کے اختتام پر آنے والے معزز مہمانوں کو سینئر پی ٹی آئی راہنما محمد معوذ ٹیپوکی طرف سے پر تکلف عشائیہ دیا گیا ۔دوسری جانب مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان جو حال ہی میں پاکستان سے لوٹے ہیں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں ایک غیر شفاف الیکشن کے ذریعے میاں نواز شریف کو سیاسی طور پر میدان سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کو زبردستی اپوزیشن میں دھکیل دیا گیا ہے۔