’’اپنا‘‘ نارتھ امریکا میں مُقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی سب سے بڑی تنظیم ہے ،جو کہ تقریباً اٹھارہ ہزار پاکستانی ڈاکٹروں پر مشتمل ہے۔گزشتہ دنوں’اپنا‘ کا اکتالیسواں سالانہ سمر کنونشن (موسم گرما ) امریکا کے شہر ڈیلس میں منعقد ہوا۔ یہ اپنا کی تاریخ کا حاضری اور سرگرمیوں سمیت ذرائع ابلاغ میں کوریج کے لحاظ سے سب سے بڑا سالانہ سمر کنونشن تھا۔ اس سال کے کنونشن میں تعلیم ،صحت اور وکالت کو موضوع خاص بنایا گیا تھا۔ ’اپنا‘ کے صدر ڈاکٹر اقبال ظفر حامد اور کنونشن کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر داؤد ناصر نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔تقریباً پانچ ہزار سے زائد پاکستانی ڈاکٹر اور ان کے خاندانوں نے پوری دنیا سے اس کنونشن میں شرکت کی۔ اس کنونشن کے اہم پروگرامز میں یوتھ کنونشن، اپنا موبائل ہیلتھ کلینک کے منصوبے، نوجوان ڈاکٹروں کے سیمینار، بچوں سے زیادتی پر سوشل فورم ، بائیس ملین ڈالر سے امریکا میں اپنا یونیورسٹی کے قیام سمیت متعدد فلاحی منصوبے شامل تھے ،جس نے اس بار ہونے والے کنونشن کو منفرد بنایادیا۔
نئے تقرر پانے والے امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی کے ہمراہ کونسل جنرل عائشہ فاروقی نے بھی کنونشن میں شرکت کی۔یوتھ کنونشن پاکستانی سفارتخانے کے تعاون کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا، جس کے دوران نوجوانوں کے لیے تین دنوں میں متعدد صحت مند سرگرمیاں شامل تھیں جن کا مقصد نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے مسائل کے بارے میں بات چیت اور مکالمہ کر کے فائدہ حاصل کر سکیں۔ ان میں گانوں کا مقابلہ،تقریر، باسکٹ بال، شطرنج اور ذہنی مقابلے اور مذہبی سماجی اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت اور ورکشاپس شامل تھیں۔
اس موقعے پر ’اپنا‘ موبائل ہیلتھ کلینک کا افتتاح ہوا ،جس کا مقصد امریکا کے مقامی شہریوں کو ان کے گھر پر صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے جو انشورنس کی کمی یا وقت پر اپنے ڈاکٹر تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے صحت کی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس کنونشن کا نمایاں پروجیکٹ ’اپنا یونیورسٹی‘تھا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز تھا، جس کا مقصد امریکا میں بہترین معیار کی یونیورسٹیوں کا قیام ہے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے یہ یونیورسٹی کسی بھی تعصب رنگ ونسل کے بغیر معیار کی تعلیم فراہم کرے گی۔ یہ یونیورسٹی امریکا میں آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشعل راہ ثابت ہوگی۔سوشل فورم کا قیام بھی منفرد منصوبہ ہے۔جسے ایک بہت کامیاب سماجی فورم المنائ اور اپنا کی مشترکہ کاوشوں کے ساتھ منعقد کیا گیا جو پاکستان میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی جیسے مشکل مگر اہم ترین موضوعات پر مبنی تھا۔ایڈوکیسی کمیونٹی ورک شاپ بھی ایک بہترین کاوش تھی، جس میں امریکا میں مقیم مسلمان خصوصاً پاکستانی شہروں کے سیاسی کردار، ان کا امریکی ریاست میں شمولیت ، ان کے مسائل ور ان کے حل پر اہم مذاکرات بھی ہوئے۔