• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 
ایک شام منصور آفاق کے نام
معروف شاعر اور ڈرامہ نگار منصور آفاق

یورپی ممالک میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں نے وطن عزیز سے دور رہتے ہوئے بھی اپنی روایات کو کبھی فراموش نہیں کیا، یوم آزادی پاکستان ، یوم پاکستان ، یوم دفاع ، قومی و مذہبی تہوار محافل شعر و سخن ، اردو ادب کی ترویج و ترقی ، تقاریری مقابلے ، بزم ادب ، نعتیہ اشعار اور نعتیہ مقابلوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدانوں میں پاکستان کے روائتی کھیلوں کا فروغ جن میں کبڈی ، رسہ کشی ، والی بال اور کرکٹ ایسے کھیل ہیں جن سے اسپین جو کہ فٹ بال کا گھر مانا جاتا ہے وہاں کے میدان کرکٹ اور دوسرے پاکستانی ثقافتی کھیلوں سے آباد کئے ۔ پاکستان ، امریکا ، آسٹریلیا ، لندن اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی شعراء کو بارسلونا میں مدعو کرنے اور ان کے نام، شام منانے کا سلسلہ پاک سلونا کلچرل ایسوسی ایشن ، حافظ احمد خان ، راجہ شفیق کیانی ، جاوید مغل ، حافظ عبدالرزاق صادق ، قلم قافلہ ایسوسی ایشن ، بہدا حسین صابر مرحوم ، جمی شیخ اور دوسرے احباب کی وساطت سے بارسلونا میں کام کررہا تھا اور جب تک پاکستانی کمیونٹی یورپی ممالک میں مقیم ہے انشا اللہ یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا ۔

ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیےکاسال پاکستانی ایسوسی ایشن اسپین کے روح و رواں حافظ عبدالرزاق صادق اور راقم التحریر نے مل کر پاکستانی کمیونٹی کی تفریح ، اردو ادب کی ترویج اور پاکستانی ثقافت شاعری سے لگاؤ اور اس کی پہچان کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ دنوںایک محفل کا اہتمام کیا، جسے ایک شام معروف شاعر ، ڈرامہ نگار ، کالم نگار ، شاعر ، مصنف منصور آفاق کے نام سے منسوب کیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی اور اس محفل کو چار چاند لگا دیئے ۔ شرکاء محفل نے سادہ مگر پروقار تقریب کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہوئی ہے کہ ہم یہاں پیسے کمانے کے چکر میں اپنی روایات کو نہیں بھولے ۔شرکاء کا کہنا تھا ایسی محافل ہمارے بچوں کو اردو زبان سے لگاؤ اور اپنی زبان سے جڑے رہنے کا سبب بنتی ہے ، ورنہ ہمارے بچے دوسرے ممالک میں رہتے ہوئے اپنی زبان بھول جاتے ہیں اور مقامی زبان کو ترجیح دیتے ہیں ، ہمیں مقامی زبان کے ساتھ ساتھ اپنی زبان بھی سیکھنی چاہیئے ۔ اس ضمن میں اسپین کے خوبصورت شہر بارسلونا میں کاسال پاکستانی ایسوسی ایشن اورپاکستانی کمیونٹی نے معروف شاعر منصور آفاق کے ساتھ ایک شام کا اہتمام کیا جس کی صدارت قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری نے کی۔ اس شام کے مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین اور ویلنسیا سے آئے ہوئے مہر جمشید احمد تھے ۔ 

آغاز محفل سے پہلے معزز مہمانوں قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری ،چوہدری امانت حسین مہر، محمد اقبال چوہدری اور معروف شاعر منصور آفاق کو گلدستے پیش کرکے انہیں حافظ عبدالرزاق صادق نے خوش آمدید کہا ۔ نقابت کے فرائض شفقت رضا نے ادا کئے،پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت قاری چوہدری عبدالرحمان نے حاصل کی،اس شام کے مہمان منصور آفاق تھے۔ منصور آفاق کا کالم دیوار پر دستک جنگ لندن میں شایع ہوتا ہے۔ منصورآفاق نے پی ٹی وی اور دوسرے چینلز کے لیے کئی ٹی وی سیریلز تحریر اور ڈائرکٹ کیے ہیں، جن میں زمین، دنیا، پتھر اور کہہ جانڑاں میں قابلِ ذکر ہیں۔ منصور آفاق جدید شاعری میں اپنے منفرد لہجے کے باعث خصوصی مقام رکھتے ہیں۔اْنہوں نے لکھنے کا آغاز سولہ سال کی عمر سے کیا۔ بہت کم عمری میں کامیابی نے اْن کے قدم چومے۔ وہ پاکستان ٹیلی ویڑن کے لیے سب سے کم عمر ڈراما سیریل رائٹر ہیں۔ آفاق نما ان کی شاعری کا پہلا مجموعہ اٹھارہ سال کی عمر میں شائع ہوا اور ان کے لکھے ہوئے خاکوں کا مجموعہ چہرہ نما بیس سال عمر میں شائع ہوا۔ غزل، نعت، ڈراما، تنقید، تحقیق، کالم نگاری، ناول نگاری اور جدید نظم میں انہوں نے ہمیشہ زندہ رہنے والا کام کیا۔ اس شام کے شاعر منصور آفاق نے جب اپنا کلام سنایا تو حاضرین نے انہیں بھر پور داد سے نوازا۔ منصور آفاق نے اپنے نعتیہ اشعار، نظم، غزل ، مرثیہ اور منقبت کے اشعار سنائے جنہیں شرکاء نے بہت پسند کیا ۔منصور آفاق کے ساتھ منائی گئی شام کے مہمان خصوصی چوہدری امانت مہر نے مشاعرہ ترتیب دینے والی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسی محافل کی پذیرائی کرنی چاہئیے جو ہماری روایات کی امین اور اردو کی ترویج کا موزوں ترین آسرا ہیں، اس موقع پر صدر قونصل جنرل بارسلونا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام ہماری نئی نسل کو اپنے کلچر سے جوڑے رکھنے کا سبب ہیں، انہوں نے کہا کہ کمیونٹی اور سفارت خانوں میں قربتیں بڑھانے کے لئے مشاعرے اور اردو ادب کی نشستیں مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین