• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 
یوم آزادی پاکستان کے موقعے پر تقریبات
سفیر پاکستان، کمیونٹی کے ساتھ مل کر کیک کاٹ رہے ہیں

متحدہ عرب امارات میں سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ دبئی نے 71ویں جشن آزادی کی تقاریب کا اہتمام بڑے پیمانے پر کیا،امارات میں مقیم پاکستان کمیونٹی نے ہر سال کی طرح امسال بھی اپنی قوم کے ساتھ یوم آزادی ملی جوش و جذبہ اور شایان شان طریقہ سے منایا ۔ نئے پاکستان کے جذبوں کے ساتھ تقاریب میں تحریک انصاف کے مقامی عہدے داروں نے بھرپور شرکت کی۔ مقامی اردو ،عربی اور انگریزی اخبارات نے یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی سپلیمنٹ شائع کئے۔ جن میں پاکستان کے صدر وزیر اعظم، سفارت کاروں اور عمران خان کے ویژن اور پیغامات کو خصوصی طور پر شائع کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر بھی مبارک بادوں کا سلسلہ زوروں پر رہا۔ اخبارات میں پاکستان کی تاریخ ،مسلمانوں کی جدوجہد ،ثقافت ،سیرو سیاحت ،بزنس تعلیم، کھیل، معیشت اور دوسرے تمام پہلوئوں پر تفصیلی مضامین شائع ہوئے ۔ امارات کے ذرائع ابلاغ نے بھی آزادی پاکستان کے دن کو خاص اہمیت دی۔ یو ای اے ٹیلی ویژن، اور اردو ریڈیو سروس نے خصوصی پروگرم اور پیغامات نشر کئے۔

جشن آزادی کی سب سے بڑی اور مرکزی تقریب سفارت خانہ ،پاکستان ابو ظہبی میں صبح8 بجے منعقد ہوئی۔ موسم گرم ہونے کے باوجود ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانیوں خواتین، بچوں، اور طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ بچوں نے یوم آزادی کی خوشی میں پاکستانی پرچم کی مناسبت سے سبز اور سفید رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔ننھے منے بچوں کے ایک گروپ نے علاقائی لباس پہنا ہوا تھا ،ہاتھوں میں پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے یہ بچے جوش و خروش اور جذبوں میں اضافہ کر رہے تھے۔ جنہیں دیکھ کر شرکائے تقریب نے زبردست تالیوں کی گونج میں بچوں کا استقبال کیا۔تقریباً تمام شرکاء نے پاکستانی بیج لگائے ہوئے تھے، کچھ شرکاء نے سفید لباس پر سبز واسکٹ پہن کر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ جمشید نے حاصل کی۔

نظامت کے فرائض سیکنڈ سیکرٹری سفارت خانہ پاکستان مسز فائزہ حبیب نے بخوبی انجام دیئے۔ مہمان خصوصی سفیر پاکستان ،معظم احمد خان جبکہ قونصلرز کامران خان ، عابد اللہ، ساجد حسین، عاشق حسین شیخ، خان زمان سرور ممبر بورڈ ابوظہبی ،ممبر آف کامرس ،محمد اقبال بلوچ ،ظہور السلام جاوید، غلام عباسی بھٹی، سردار ماجد شریف ،حاجی دراز خان( تمغہ امتیاز) میاں امجد جاوید، عبدالہادی اچکزئی، ظہیر اعوان ،قاری محمد حنیف ڈار، قاضی محمد عابد، جاوید ملک، کمیونٹی کی بڑی تعداد جس میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یوم آزادی کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے نام پیغامات بالترتیب ڈپٹی ہیڈ آف مشن سعید سرور اور سیکنڈ سیکرٹری میں فائزہ حبیب نے پڑھ کر سنائے جس میں آئین کی پاسداری ،ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ اور جمہوریت کے استحکام کا عزم دہرایا گیا۔ سفیر پاکستان معظم احمد خان نے قومی ترانہ کی دھن پر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔شرکاء نے ایک دوسرے کو گلے مل کر یوم آزادی کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، مخالفتوں اور مشکلات کے باوجود 71برس قبل قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کا قیام وجود میں آیا جن میں ہمارے بزرگوں کی قربانیاں بھی شامل ہیں، بےشمار چیلنجز کے باوجود پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہے۔ ہماری قوم کے ارادے مضبوط ہیں،ہم نہ کبھی جھکے ہیں اور نہ ہی کبھی جھکیں گے۔ پاکستان ترقی و کامیابیوں کی منازل طے کر رہا ہے۔ ہمارا مستقبل خوشحال ہے۔ 

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والا ہر پاکستانی نہایت محنت اور جانفشانی سے سخت گرمی اور دھوپ میں اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ امارات کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کا اہم کردار ہے۔ پاکستان اور امارات دیرینہ دوست میں شیخ زاید بن سلطان النہیان بانی امارات جدید کے دور میں ان مضبوط تعلقات کی بنیاد رکھی گئی یہ وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتی چلی گئی۔ ہم پاکستانی صدر یو اے ای شیخ خلیفہ بن زاید النہیان ،وزیر اعظم و نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم ولی عہد الوطی شیخ محمد بن زیاد النہیان اور دیگر حکمرانوں کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے تعلقات کو مزید پروان چڑھایا ،ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر حکمرانوں اور عوام کے مشکور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانے کے دروازے ہر پاکستانی کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں کسی بھی مسئلے پر سفارت خانے سے رابطہ کریں ہم اپنی کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، یو اے ای کے حکمرانوں کی سلامتی اور درازی عمر کے لئےدعا گو ہیں۔ اس مو قعے پر سفیر پاکستان اور دیگر کمیونٹی ممبران اور سفارت خانہ کے افسران نے مل راوی گروپ کی جانب سے بنایا گیا ،جہازی سائز آزادی کیک کاٹا گیا۔ پاکستانی بچوں نے قومی و ملی نغمے پیش کئے، آخر میں روایتی ناشتہ حلوہ پوری پیش کیا گیا۔ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔

دوسری بڑی تقریب صبح 9بجے پاکستان قونصلیٹ دبئی میں منعقد ہوئی جو شدید بدنظمی کا شکار رہی۔ پانچ سو مہمانوں کے لئے پانچ ائر کنڈیشنڈز لگا کر آزادی ٹینٹ بنایا گیا۔ ٹینٹ میں حبس اور گرمی نے شرکا کو بدحال کر دیا۔ قونصل جنرل نے بھی گرمی کے باعث قونصل خانہ کی عمارت میں جانے کو ہی عافیت سمجھا ،تقریب کا آغاز سکندر عباس نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض احمد شامی نے انجام دیئے۔ آزادی ٹینٹ کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔ احمدشامی نے شرکاء کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے جو قر بانیاں دی تھیںاس عزم کو دھرانے کے لئے ہم سب کو مل کر محنت کرنا ہو گی زبانی نہیں، بلکہ عملی طور پر کام کرنا ہو گا۔ مہمان خصوصی قونصل جنرل سید جاوید حسن نے جیوے جیوے پاکستان اور قومی ترانہ کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر قونصلرز ڈاکٹر ناصر خان، ریاض الوہاب، مسز صولت ثاقب ،عاصمہ اعوان، راجہ خیام الحق، راجہ اکرام الحق، چوہدری عبدالحمید، چوہدری افتخار، اور دیگر موجود تھے۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن رانا ثمر جاوید نے صدر پاکستان اور احمد شامی نے وزیر اعظم کا پیغام قوم کے نام پڑھ کر سنایا۔ 

احمد شامی نے پرجوش نعرے بھی لگوائے۔ جس نے ماحول کو گرما دیا۔ کئی شرکا نے خصوصی لباس بھی تن زیب کئے ہوئے تھے۔ قونصل جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ شرف بخشا ہے کہ ہم پاکستان کا 71واں یوم آزادی منا رہے ہیں۔اس موقع پر قونصل جنرل سید جاوید حسن نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ بھاشا اور مہمندڈیم کے لئے عطیات دیں ہم سب مل کر یہ تحفہ یوم آزادی کے نام پر قوم کو دیں۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اور شرکا میں تقسیم بھی کیا گیا۔ 

تازہ ترین