اسلام آباد(جنگ نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملک کے مختلف شہروں کے 32ریلوے اسٹیشنز اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہےکہ ٹریک کے دونوں اطراف درخت لگائیں گے، ریلوے اسٹیشنوں پر پلازے اور فوڈ اسٹریٹس بنائیں گے، قابضین ریلوے کی زمین چھوڑ دیں کیونکہ محکمہ ریلوے بڑے شہروں میں 5ہزار کوارٹرز بنائے گا،میںوزیر ریلوے نہیں بننا چاہتا تھا اب بن گیا ہوں تو ٹھیک ہے ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیدنے 20ہزار افراد کو نوکریاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ گرمیوں سے پہلے اپنا نظام بہترین بنا دیں گے، ریلوے کے تمام اسپتالوں کو اپ گریڈ کریں گے،ہم نے چکلالہ اور مارگلہ اسٹیشن کو فوری اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،آن لائن بکنک کا نظام بھی بہترکریں گے،ای ٹکٹنگ کو متعارف کرائیں گے، معذور افراد کے مسائل حل کرنے کے خصوصی اقدامات کریں گے جبکہ ریلوے میں ایک فیصد بھی کرپشن برداشت نہیں کریں گے، ہر پاکستانی ہمارا احتساب کرے، ہم کھلے دل سے ان کو خوش آمدید کہیں گے۔