دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی گزشتہ دنوں جشن آزادی پورے جوش و خروش اور قومی ولولے سے منایا گیا۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق نے پاکستان سفارتخانے ریاض میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب میں شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔ تقریب میں پاکستانی اور غیر ملکی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔اس موقعے پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیرپاکستان نے جدوجہد آزادی کے رہنماؤں کی قربانیوں کا ذکرکیا اور ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نےبیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ سفیر پاکستان نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم پاکستان کے لئے ایک روشن اور پرامید مستقبل دیکھ رہے ہیں.سفیر ہشام بن صدیق نے سعودی عرب کی حکومت کی پاکستان کیلئے حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان قونصلیٹ جنرل میں پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے، قومی ترانہ کے ساتھ ،پاکستانی پرچم لہرا کر دن کا آغاز کیا ۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستانی آرمی اور پاکستانی بحریہ کے ایک چاق چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے، قونصل جنرل شہر یار اکبر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کی اس جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جو انھوں نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒاور علامہ اقبالؒ کی قیادت میں، ایک علیحدہ ملک حاصل کرنے کےلئے کی تاکہ وہ عزت ووقار کے ساتھ اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارسکیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ میرا یقین ہے کہ اگر ہم ایمانداری اور قومی وحدت سے مل جل کر کام کریں، تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم پاکستان کو دنیا کے ممالک میں باوقار مقام نہ دلا سکیں۔قونصل جنرل شہریاراکبر نےسعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی جنہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں رہنے والی 2.6 ملین پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے ۔قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار کی تیسری مسلسل پرامن منتقلی نے جمہوری اقدار کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے تمام پاکستانی کمیونٹی سے گزارش کی کہ کہ وہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ لیں۔اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو اور ویلفیئر قونصل نجیب اللہ درانی نے صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ جبکہ نظامت کے فرائض ہیڈ آف چانسلری عاطف ڈار نے انجام دئیے۔ قونصل جنرل شہر یار اکبر خان نے پاکستانی بچوں کے جھرمٹ میں یوم آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پرپاکستان انٹرنیشنل اسکول کے بچوں نے ملی نغمے بھی سنائے۔
سفارت خانہ پاکستان میں بزم ریاض کی جانب سےیوم آزادی کی تقریب کو بھرپور طریقے سے منایا گیا ،اس رنگا رنگ آزادی کی تقریب میں جہاں پاکستانی کمیونٹی پرجوش تھی وہیں سفارتی عملے کے ساتھ ساتھ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کی خصوصی شرکت نے بھی تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں جنرل (ر) راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا اہم ترین ملک ہے اس کی عوام ایک آزاد اور خودمختار ملک کے اندر زندگی بسر کر رہی ہے پاکستان ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقت ہے ۔اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر ہر پاکستانی ملک کا سفیر ہے اسے چاہئیے کہ وہ اپنے اچھے اور اعلی کردار کے ساتھ ملک کا نام روشن کرے اس موقعہ پر سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ ہمارے آباواجداد نے ہزاروں قربانیوں کے بعد آزاد ملک ہمیں دیا ہے۔