یوم آزادی کے حوالے سےپاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے مختلف تقریبات منعقد کیں ۔ دیار غیر میں اپنے قومی اور مذہبی دنوں کو شایان شان اور تزک و احتشام سے منانے میں پاکستانی کمیونٹی اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتی ۔یوم دفاع ،یوم پاکستان، یوم یکجہتی کشمیر اوردیگر قومی و مذہبی ایام کا اہتمام پاکستانی کمیونٹی کی خاص پہچان بن چکا ہے ۔ تارکین وطن پاکستانی ویسے تو دوسرے ممالک میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہوتے ہیں لیکن اُن کے دل اپنے وطن عزیز کے ساتھ ہی دھڑکتے ہیں کیونکہ دھرتی ماں کی خوشبو ان کے ذہنوں کو ہر وقت معطر رکھتی ہے ۔ اس سال بھی اسپین میں مقیم پاکستانیوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ جشن آزادی پاکستان جوش و خروش اور احترام سے منایا ۔ا سپین کے دارالحکومت میڈریڈ کے صوبہ کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا کے ساتھ دیگر شہروں میں مقیم پاکستانیوں نے جشن آزادی پاکستان بڑھ چڑھ کر منایا اور مقامی ہسپانوی کمیونٹی سمیت سرکاری اور سیاسی اتھارٹیز کو بھی ان خوشیوں شامل کیا اور انہیں بتایا کہ آج کا دن ہم اتنی دھوم دھام کے ساتھ کیوں مناتے ہیں ۔
جشن آزادی پاکستان کی 71ویں تقریبات کا آغاز سفارت خانہ پاکستان میڈریڈ سے ہوا ۔ تلاوت کلام پاک سے شروع کی گئی اس تقریب میں سفیر پاکستان خیام اکبر نے اپنے دست مبارک سے پاکستان کا پرچم فضاء میں بلند کیا تو فضا ء پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم پائندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھی ۔اس موقعے پرسیکنڈ ہیڈ آف مشن عمیر علی نے صدر پاکستان ممنون حسین کا پیغام جشن آزادی کے حوالے سے پڑھا جبکہ سفیر پاکستان نے وزیر اعظم پاکستان کے جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے بھیجا گیا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ اس موقع پر ہیڈ آف مشن دانش محمود بھی تقریب کے انتظامات میں مصروف دکھائی دیئے ۔سفارت خانہ پاکستان کو پاکستانی پرچموں اور پرچم کے رنگوں کے غباروں سے خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا ۔سفارت خانہ پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستانی بچوں نے ملی نغمے سنائے اور تمام شرکاء نے پاکستان کی سلامتی کی دعا مانگی ۔
دوسری تقریب قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں منعقد ہوئی جہاں 11سالوں میں پہلی بار باہر سڑک پر پرچم کشائی کی گئی ، سبز اور سفید رنگوں کے غباروں اور ڈھول کی تھاپ میں پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا ۔ پہلی بار پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کرنے میں قونصل جنرل علی عمران چوہدری نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر انتھک کوشش کی تھی جو رنگ لائی ، پہلی بار ایسا ہوا کہ پاکستانی کمیونٹی اپنی فیملیز کے ساتھ اتنی بڑی تعداد میں قونصلیٹ آفس آئی ،ورنہ سابق قوصل جنرلز نے کمیونٹی اور قونصلیٹ آفس کے درمیان بڑی دوری پیدا کر رکھی تھی ۔نئے قونصل جنرل کے اس امر کو پاکستانی کمیونٹی نے خوب سراہا اور انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔قونصلیٹ آفس میں بھی تقریب کا آغاز تلاوت کلام سے کیا گیا ، اس کے بعد بچوں نے ملی نغمے سنائے۔گلوکار قدیر خان نے بھی ملی نغمہ سنایا ، پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین اس تقریب میں شریک ہوئے ۔ صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے جشن آزادی کے حوالے سے بھیجے گئے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔اس تقریب میں اسپین کی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور دوسری اتھارٹیز نے شرکت کی ۔ صوبہ کاتالونیا کی ڈپٹی گورنر مانسرات گارسیا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج پاکستانی کمیونٹی کو ان کے ملک کا یوم آزادی مبارک کہتے ہیں ۔
محمد اقبال چوہدری ، حافظ عبدالرزاق صادق ، چوہدری امتیاز آف لوراں ، چوہدری نوید وڑائچ ، راجہ نامدار اقبال خان ، کامران خان ، طاہر رفیع ، حاجی اسد حسین ، راجو الیگزینڈر ، سلیم لنگڑیال ، یاسر اقبال ، چوہدری ارشد بوگا ، چوہدری گلریز بوگا اور دوسرے پاکستانیوں نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ آفس پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے کمیونٹی کے لئے اس آفس کے دروازے دن رات کھلے ہیں ، ایمر جنسی کی صورت میں چوبیس گھنٹے سروس موجود ہے یہاں کسی قسم کی سفارش کی کوئی ضرورت نہیں قونصل جنرل اور کمیونٹی کے درمیان جو فاصلہ تھا وہ میں نے ختم کر دیا ہے اب جو پاکستانی جب چاہے آکر مل سکتا ہے اور اپنا مسئلہ بیان کر سکتا ہے ۔اسپین میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے بنائی گئی ایسوسی ایشن ’’ آسے سوپ ‘‘ کی صدر محترمہ ہما جمشید نے بھی پاکستانی اور مقامی خواتین کے لئے بارسلونا کی معروف شاہراہ رامبلہ پر جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا ء کو گرما دیا ۔ مقامی معروف شاہراہ پر پاکستانی جھنڈوں کی بہار دیکھنے کو ملی ، خواتین اور بچوں نے پاکستانی پرچم کے رنگوں والے لباس زیب تن کئے ہوئے تھے جس سے لگتا تھا کہ ہم پاکستان کے کسی شہر میں جشن آزادی پاکستان منا رہے ہیں ۔اس موقع پر آسے سوپ ایسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر ہما جمشید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک میں رہتے ہوئے ہمیں اپنے قومی دن شایان شان انداز سے منانے چاہئیں تاکہ اپنے وطن سے محبت کو دیکھتے ہوئے مقامی کمیونٹی یہ سمجھے کہ پاکستانی کمیونٹی ہمارے وطن سے بھی محبت رکھے گی ، انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات مقامی کمیونٹی پر مثبت تاثر قائم کرنے کے لئے اور ہماری آئندہ نسلوں کو پاکستان سے جوڑے رکھنے کے لئے انتہائی ضروری ہیں ۔ اسی طرح بارسلونا میں ہی پاک فیڈریشن اسپین کے صدر چوہدری ثاقب طاہر نے بھی جشن آزادی پاکستان تقریب کا اہتمام کیا جس میں بچوں نے ملی ترانے پڑھے اور تقریری مقابلہ کیا ، اس موقع پر اسپین میں مقیم پاکستانی طالب علموں کہ جنہوں نے اپنے اسکولز اور کالجز میں نمایاں پوزیشنیں لیں ان کو اعزازات سے نوازا گیا اور اس بات کا عہد کیا ہم اپنے وطن عزیز کی ترقی میں اپنا کردار ضرور نبھائیں گے ۔