• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریلوے افسران فیلڈ میں جائیں،بزنس لائیں،کوئی بیٹھا نظر نہ آئے،شیخ رشید

لاہور (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے افسران فیلڈ میں جائیں‘ بزنس لائیں‘ کوئی بیٹھا نظر نہ آئے۔ فریٹ کی صورتحال سے مطمئن نہیں، ریلویز کے 3افسر معطل کر دیئے ہیں، 2نئی ٹرینیں چلائیں گے اور 60سال پرانی 10ہزار 4ویلر ویگنیں نیلام کرینگے۔ مجھ سمیت کوئی وی آئی پی پروٹوکول نہیں لے گا، ریلویز کے اسپتال اور اسکول پرائیویٹائز کرنے کیلئے تیار ہیں،یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں ریلویز افسران کے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلویز کے لئے فریٹ اہم مسئلہ ہے اور اس کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، آج کے اجلاس میں بھی فریٹ میں فی الفور 20 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مجھے ہر روز فریٹ کے حوالے سے واٹس ایپ پر آگاہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فریٹ میں مطمئن نہ ہونے کے باعث ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، ریجنل ٹریفک منیجر اور ڈپٹی چیف کنٹرولر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں خود کراچی جاؤں گا اور وہاں بھی جو غیرذمہ دار لوگ ہونگے، ان کو فوری طور پر برطرف کر دیا جائے گا، تمام ٹرینوں پر وائی فائی اور موبائل ٹریکنگ سسٹم کا آغاز 25 ستمبر سے کیا جائے گا اور آن لائن ٹکٹنگ کا نظام بھی بہتر بنایا جائے گا، اس حوالے سے ٹریول ایجنٹس کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ وزیر ریلویز کی جانب سے 2 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ 60 سال پرانی 10 ہزار کے قریب 4 ویلر ویگنوں کو نیلامی کے لئے پیش کیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلویز کے تمام ہسپتال اور سکول ہم پرائیویٹ کمپنیوں کو دینے کے لئے تیار ہیں مگر اس میں مزدور کے لئے کسی قسم کی مشکل برداشت نہیں کی جائے گی، راولپنڈی سے لاہور اور لاہور سے راولپنڈی تک ڈھائی سے 3 گھنٹوں میں پہنچانے کے لئے کلو وال سٹیشن سے گوجر خاں ریلویز ٹریک کو سیدھا کرنے کا منصوبہ جو کہ 10 سال پہلے چھوڑا گیا تھا، اس کے لئے فوری طور پر کام شروع کیا جائے گا۔ بجلی کی بلنگ پر 1 ارب روپے کا کٹ لگا دیا گیا ہے، تمام ریلویز ملازمین کی اپ گریڈایشن کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر ریلویز نے بتایا کہ کل کابینہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت فیصلہ کیا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر 8 منزلہ عمارتوں میں 10 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلویز کا خسارہ 1 سال میں ہی ختم کر دیں گے، 4 ہزار ایکڑ زمین پر قبضے کئے گئے ہیں اور جس کو واگزار کروانا لازم ہے، ہم ٹریکس بھی کرائے پر دینے کے لئے تیار ہیں، کراچی سے بھی اسی مالی سال میں 10 ارب روپے مانگے ہیں، ریلویز میں زیرو کرپشن اور زیرو ٹالرینس ہو گی۔ وزیر ریلویز کا کہنا تھا کہ لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کروں گا اور برقی زینے بھی فوری لگائے جائیں گے، معذور افراد کیلئے ریلوے کی جانب سے خصوصی پیکج بنایا جائے گا۔ اس سے قبل، وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید کی زیرصدارت ریلویز ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ریلویز نے شیخ رشید کو بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق، ریلویز کو اس وقت تقریباً 37 ارب کا خسارہ ہے۔
تازہ ترین