پشاور.........وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی احتساب کمیشن کے سربراہ نے استعفے کے بعد غلط الزامات کا سلسلہ شروع کیا ہے، میرے خلاف نہ کوئی انکوائری ہو رہی ہے نہ ہی کوئی ریفرنس ہے ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی احتساب کمیشن کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حامد خان نے مستعفی ہونے کے بعد الزامات کا سلسلہ شروع کیا ہے، ان کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ۔
پرویز خٹک نے کہا کہ میرے خلاف نہ کوئی انکوائری ہو رہی ہے نہ ریفرنس ہے اور نہ ہی میں نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہے ، جنرل ریٹائرڈ حامد کے ساتھ کسی بھی فورم پر مناظرے کےلیے تیار ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن با اختیار ادارہ ہے جس کے کوئی اختیارات واپس نہیں لیے گئے ، کسی وزیر یا رکن اسمبلی کی گرفتاری کے بعد اسپیکر اور کسی بیوروکریٹ کی گرفتاری پر چیف سیکرٹری کو اطلاع دینا ہوگی۔