ملک بھر میں یوم دفاع و شہداء آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہاہے، جس کے سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔
لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں یوم دفاع و شہداء کی پرُوقارتقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری سرور تھے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض ،ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تقریب میں بچوں کے ساتھ مل کرقومی ترانہ بھی پڑھا۔
علاوہ ازیں لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر پُروقار تقریب ہوئی، پاک فوج کے دستے نے میجر شبیر شریف کے مزار پر سلامی دی، جے او سی میجر جنرل شاہد نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
قصور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں یاد گارِ شہداء پر پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرنل عاقل کی قیادت میں پاک فوج کےدستے نے سلامی پیش کی اور پھول رکھے۔
پشاور میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب کیپٹن کرنل شیرخان اسٹیڈیم میں ہوئی جس میں لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں نیزہ بازی کے مقابلے اور لوک رقص پیش کیا گیا، ایس ایس جی کمانڈوز نے پیراٹروپنگ کا مظاہرہ کیا۔
کوئٹہ میں پی اے ایف سمنگلی بیس پر ہونے والی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان شریک ہوئے، جنہوں نے وہاں ہونے والی دفاعی نمائش کا معائنہ کیا،اس موقع پر انہوں نے افواج پاکستان کے جذبے کو سراہا۔
یوم دفاع و شہداء کے سلسلے میں ایف سی کے زیر اہتمام مستونگ میں نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کی قبر پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔