آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال:۔ یہ تو ہمیں معلوم ہے کہ دعا کرنی چاہیے اور نماز کے بعد خاص طورپرکرنی چاہیے،اسی طرح دعاکریں تو ہاتھ اٹھاکرکریں ،یہ بھی جانتےہیں، مگر کیا نماز کے بعد ہاتھ اٹھا کر دعا کا ثبوت حدیث سے ہے ۔ اس حوالے سے رہنمائی فرمائیں۔
جواب:۔ المعجم الکبیر ' میں علامہ طبرانی رحمہ اللہ نے حضرت عبد اللہ بن زبیر ؓ سے روایت ذکر کی ہے کہ محمد بن یحییٰ اسلمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: میں نے عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو دیکھا ،انہوں نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ نماز سے فارغ ہونے سے پہلے ہی ہاتھ اٹھا کر دعا کررہا تھا، جب وہ نماز سے فارغ ہوا تو حضرت عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس سے فرمایا: رسول اللہ ﷺ جب تک نماز سے فارغ نہ ہوتے،اس وقت تک (دعا کے لیے) ہاتھ نہیں اٹھاتے تھے ( لہٰذا تم بھی ایسا ہی کرو)(المعجم الکبیر 13 / 129، برقم: 324) اس سلسلے میں اوربھی روایتیں ہیں ، جن کاذکرتفصیل چاہتا ہے۔