ملتان…ملتان میں ایک پرائمری اسکول کی چار دیواری غائب ہے جبکہ اسکول کے اساتذہ نے خود پڑھانے کی بجائے پرائیویٹ ٹیچر رکھ لیا ہے جو بچوں کو تعلیم دیتا ہے ۔
ملتان کی نواحی بستی ملوک کے گورنمنٹ پرائمری اسکول جلال شاہ میں اسکول کی چار دیواری غائب ہے ۔ کلاس رومز میں بچے جہاں تعلیم حاصل کرتے ہیں وہاں اسکول کا تعمیراتی سامان بھی پڑا ہے جس میں ریت ، مٹی اور سریا شامل ہے جو کسی بھی وقت حادثے کا باعث بن سکتا ہے ۔
اتنا ہی نہیں اسکول میں زیر تعلیم 170 طلباء و طالبات کے لئے صرف 2 اساتذہ ہیں ،مبارک علی اور محمد اکرم ۔تاہم حیرت کی بات ہے کہ دونوں اساتذہ اسکول میں غیر حاضر رہتے ہیں اور انہوں نے مل کر 7 ہزار روپے ماہانہ پر ایک انتہائی کم تعلیم یافتہ 18 سالہ ٹیچر تعینات کر رکھا ہے جو اسکول کے تمام بچوں کو پڑھاتا ہے۔
جب اسکول کے سرکاری اساتذہ سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ ٹیچر کو صرف نرسری کلاس پڑھانے کے لئے رکھا ہے کیونکہ اس کے اسکول میں آنے سے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔