• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلکار قاعدے قانون کے تحت ڈیوٹی دیں، کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے شہر میں بڑی شخصیات کے ’پروٹوکول‘ کے نام پر سڑکوں پر دندناتے اور شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرتے نظر آتے پیش دستہ پولیس اہلکاروں کو قانون اور قاعدے کے تحت ڈیوٹی سرانجام دینے کے احکامات جاری کیےہیں۔

اس سلسلے میں عوامی شکایات اور الیکٹرونک، سوشل، پرنٹ و ڈیجیٹل میڈیا کی رپورٹس پر کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے اسکواڈ ڈیوٹی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔

’جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے میں سختی کی ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ اسکواڈ ڈیوٹی پر مامور تمام پولیس افسر اور اہلکار باوردی درست ہونے چاہئیں، ڈیوٹی پر مامور اہلکار پولیس موبائل پر لٹکنے کی کوشش ہرگز نہ کریں اور اگر ضرورت ہو تو گاڑی میں مخصوص جگہ پر ہی کھڑے ہوں۔

اس کے علاوہ سفر کے دوران کوئی پولیس اہلکار پولیس موبائل سے اترے اور نہ راستہ بنانے کی کوشش کریں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ہدایت جاری کی ہے کہ چلتی پولیس موبائل سے کوئی پولیس اہلکار ہاتھ کے اشاروں یا شہریوں کو سخت آوازیں دے کر راستہ بنانے کی کوشش نہیں کرے گا۔

پولیس اہلکار اسکواڈ کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور کو تحکمانہ لہجے یا سختی سے بات کرنے سے گریز کریں۔

پولیس چیف نے کہا ہے کہ پولیس موبائل ڈرائیور یا اسکواڈ کمانڈر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہرگز نہ کریں، موبائل ڈرائیور ٹریفک سگنل ہرگز نہ توڑیں اور غیر قانونی اوورٹیک سے پرہیز کریں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخصیت کو اسکواڈ کرتے وقت ڈیوٹی اہلکار ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ سفر کے دوران کسی بھی شہری یا ڈرائیور سے تکرار نہ کی جائے، اسکواڈ کمانڈر بات کرے یا علاقہ پولیس کو طلب کرکے معاملہ حل کیا جائے۔

تازہ ترین