• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان ، 265 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے

کوئٹہ(جنگ نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہےکہ بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کو استعمال کرکے یہاں کے معصوم لوگوں کو ورغلا کر پہاڑوں پر بھیجا گیا اور ملک دشمن عناصر نے انہیں ریاست کے خلاف استعمال کیا، دیگر عوامل کے ساتھ ساتھ بڑی حد تک اس کی ذمہ داری حکمرانوں پر بھی عائد ہوتی ہے جنہوں نے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں اپنا کردار اد نہیں کیا جس سے بلوچستان کے عوام میں یہ تاثر اجاگرہوا کہ حکومت اور ریاست ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں۔ موجودہ حکومت ماضی میںہونے والی ان تمام کوتاہیوں کا ازالہ کرتے ہوئے یہاں کے عوام کی زندگیوں میں آسودگی اور بہتری لانے کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فراریوں کے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، قائم مقام اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء، ارکان صوبائی اسمبلی اور اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر 265 فراریوں نے ہتھیار ڈالتے ہوئے آئین پاکستان کے تحت قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج مہمان خصوصی ہم نہیں بلکہ وہ سب ہیں جو ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر ماضی میں بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جاتے تو صورتحال اس حد تک ابتر نہ ہوتی، انہوں نے کہا کہ ایک عام آدمی غربت وافلاس اور اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچ کر مایوسی کا شکار ہوسکتا ہے اس کی تمام امیدیں ریاست سے وابستہ ہوتی ہیں، اگر حکومت اس کے دکھوں کا مداوا نہیں کرتی تو وہ مجبوراً ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال ہوجاتا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہم سب سے دانستہ وغیردانستہ غلطیاں بھی ہوئی ہیں اور غیر ذمہ دارانہ رویہ بھی رہا ہے تاہم ہم بلوچستان کے لوگوں کو ایک مثبت تبدیلی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ ہمارے وزراء، اراکین اسمبلی اور تمام عوامی نمائندگان جو آج یہاں موجود ہیں اور جو موجود نہیں سب اس بات پر متفق ہیں کہ ہم نے اپنے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے آج اگر ہم اقتدار میں ہیں تو یہ عوام ہی کی مرہون منت ہے جنہوں نے ہمیں ووٹ دے کر اسمبلیوں میں بھیجا۔ ہم نظام میں ایسی تبدیلی لائیں گے جس سے نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہوگاوزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے ہمیں بہت بڑی ذمہ داری دی ہے اورہم اللہ تعالیٰ سے دعا گوہیں کہ وہ ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔
تازہ ترین