• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشرف غنی کا دورہ نئی دہلی، باہمی تعاون میں اضافے پر اتفاق

نئی دہلی (جنگ نیوز) افغان صدر اشرف غنی نے بدھ کے روز نئی دہلی کا ایک روزہ دورہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات اور بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے حیدرآباد ہاؤس میں باہمی تعاون میں اضافے سمیت دیگر متعدد امور پر تفصیل سے گفتگو کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’افغان صدر اشرف غنی ایک روزہ دورے پر صبح کو نئی دہلی پہنچے۔ وزیر اعظم مودی نے اسٹریٹجک شراکت دار افغان صدر کا گرمجوشی سے استقبال کیا‘‘۔سمجھا جاتا ہے کہ اشرف غنی نے افغانستان میں امن عمل کی موجودہ صورت حال سے مودی کو باخبر کیا۔رہیش سنگھ کے مطابق اشرف غنی کا یہ دورہ پاکستان، اس کے اتحادیوں اور دوسروں کو بھی یہ پیغام ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ سودے بازی کرکے اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے بھارت کے ساتھ مل کر اُسے پُر امن انداز میں حل کریں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان پاکستان کو نظرانداز نہیں کر سکتا۔ لیکن، وہ بھارت کو سامنے لا کر پاکستان کو جواب دینا چاہتا ہے۔چند روز قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل کا دورہ کیا تھا اور اعلی رہنماؤں سے پاک افغان تعلقات، مسئلہٴ افغانستان کے حل اور دیگر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ایک سینئر تجزیہ کار رہیش سنگھ نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کے دورہ کابل کے بعد اشرف غنی کے دورہ دہلی اور افغان مسئلے کے ممکنہ حل کے تعلق سے کہا کہ اس مسئلے کے حل کا ایک اینگل چین روس اور پاکستان کا ہے۔ دوسرا اینگل امریکا، افغانستان اور بھارت کا ہے۔ روس، چین اور پاکستان چاہتے ہیں کہ افغانستان اور طالبان کے مسئلے کو حل کرنے میں پاکستان کا فیصلہ کن رول ہو۔ان کے بقول، بھارت نے جس طرح افغانستان میں ترقیاتی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے اس کو افغانستان نظرانداز نہیں کر سکتا۔ اس معاملے میں ایک پہلو سیکورٹی کا ہے۔ عبد اللہ عبد اللہ کا ایک بیان آیا تھا کہ بھارت سیکورٹی امور میں بھی کردار ادا کرے اور تعاون دے۔ امریکا بھی یہی چاہتا ہے کہ بھارت مسئلہٴ افغانستان کے پرامن حل میں اس کے ساتھ تعاون کرے۔
تازہ ترین