• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اور ڈنمارک کا ذیابیطس کے علاج کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب اور ڈنمارک نے صوبے میں ذیابیطس سے آگاہی اور علاج کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد سے ڈنمارک کے سفارتخانے کے کمرشل قونصلر علی مشتاق بٹ اورکمرشل ایڈوائزر اسلم پرویز کی ملاقات میں سامنے آیا۔ کمرشل قونصلر نے ڈنمارک کی طرف سے پنجاب کے سکولوں اور ہسپتالوں میں لیڈر شپ فورم کرانے کی پیشکش کی۔ وزیر صحت نے پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس ایک خطرناک مرض اور خاموش قاتل ہے۔ یہ بات تشویشناک ہے کہ حالیہ سروے کے مطابق پاکستان میں 35.3ملین افراد یا 17فیصد بالغ آبادی ذیابیطس کا شکار ہے تاہم لائف سٹائل میں تبدیلی لاکر اس بیماری کا تدارک کیا جاسکتا ہے۔ ڈنمارک نے اس سے پہلے خیبر پختونخوا میں مئوثر انداز میں ذیابیطس سے آگاہی کا پروگرام چلایا۔ اب پنجاب میں بھی اسی خطوط پر ذیابیطس آگاہی پروگرام کی حصولہ افزائی کی جائے گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس بات پر زور دیا کہ سکولوں میں بچوں کو بچپن سے ہی صحتمندانہ سرگرمیوں کے ذریعے قائل کیا جاسکتا ہے کہ وہ اپنی آئندہ زندگی میں ورزش یا کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھیں اور ذیابیطس سے محفوظ رہیں ۔موروثی وجوہات کے بعد پرتعیش زندگی ذیابیطس کی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے ڈنمارک کے سفارتی وفد سے کہا کہ بالخصوص ہسپتالوں میں نرسوں کو ذیابیطس سے نمٹنے کیلئے مشاورت میں تعاون کیا جائے۔
تازہ ترین