• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضائی آلودگی سے لوگوں کو ڈیمنشیا کامرض لاحق ہونے کے خدشات کا انکشاف

لندن(جنگ نیوز) نئی ریسرچ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی والے ایریاز میں رہنے والے افراد کو ڈیمنشیا کے مرض کا شکار ہونے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں۔ بی ایم جے اوپن جرنل میں شائع ہونے والی ریسرچ میں ایسے شواہد سامنے آئے یں کہ تمام عمر کے افراد آلودہ فضامیں سانس لے رہے ہیں۔فضائی آلودگی والے ایسے علاقے جہاں نائٹروجن آکسائیڈ کی سطح زیادہ ہوتی ہے وہاں کے لوگوں میں ڈیمنشیا کے لاحق ہونے کے خطرات ان افراد سے 40فیصد زیادہ ہوتے ہیں جن کے ایریاز میں آلودگی نہیں ہوتی۔ لندن کے ڈیٹا کی بنیاد پر کی گئی ریسرچ کے نتائج میں پتہ چلا کہ فضائی آلودگی والے علاقوں میں رہائش پذیر 50سال سے زائد عمر کے افراد میں ڈیمنشیا کا مرض لاحق ہونے کے خدشات ہوتے ہیں۔تاہم اس سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ فضائی آلودگی کا ڈیمنشیا کےمرض سے ڈائریکٹ تعلق ہے۔ ریسرچرز کا کہنا ہے کہ آلودگی سے کارڈیو ویسکولر اور ریسپائیریٹری امراض کا تعلق پہلے ہی ثابت ہو چکا ہے تاہم یہ پہلی ریسرچ ہے جس میں یہ پتہ چلا ہے کہ فضائی آلودگی سے نیورڈیجنریٹیو مرض لاحق ہو سکتا ہے۔ کنگز کالج آف لندن کے پروفیسر آف انوائرمنٹل ہیلتھ فرینک کیلی نے کہا کہ ہماری اس سٹڈی میں یہ سامنے آیا کہ آلودگی اور ڈیمنشیا میں تعلق موجود ہے فرینک کیلی ریسرچرز میں سے ایک ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ایسے خاصے شواہد ہیں جن کی بنیاد پر اب ہم فضائی آلودگی کو ڈیمنشیا لاحق ہونے کے رسک فیکٹر کی فہرست میں شامل کر سکتے ہیں۔ ہمارے تجزیے کے مطابق اس کے خدشات 7فیصد ہوتے ہیں ایک اندازے کے مطابق برطانیہ میں ڈیمنشیا کے 850000 مریضوں میں سے 60000 آلودگی کی وجہ سے مرض کا شکار ہوئے۔اس سٹڈی میں لندن میں فضائی اور شور کی آلودگی اور لائی سٹائل کا تجزیہ کیا گیا۔ ایک 25کے نواحی ایریاز میں 75جی پی پریکٹسز میں 50 سے 79 سال کے 131000 مریضوں کے ریکارڈ کا تجزیہ کیا گیا۔ مریضوں کی ہیلتھ کو 2005 سے سات سال تک ٹریک کیا گیا تھا جن میں سے 1.7 فیصد مریضوں کو ڈیمنشیا کا مرض سامنے آیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودگی کی وجہ سے سانس لینے کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ فضائی آلودگی کے معمر افراد پر ضرررساں اثرات پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ سانس لینے میں مشکلات کی وجہ سے لوگ ڈیمنشیا کے شکار ہوں۔ ماہرین کا کہنا ہے موٹر وہیکلز کے متبادل کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ فضائی آلودگی کو کم کرنے میں مدد مل سکے اور لوگوں کو صاف فضا میں سانس لینے کے مواقع میسر آ سکیں۔

تازہ ترین