• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ: افغانستان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان کو 258 رنز کا ہدف

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں افغانستان نے حشمت اللہ شاہدی کی شانداربیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 257 رنز بنائے اور پاکستان کو 258 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔

ابوظبی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہورہے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان اور پاکستانی کپتان سرفراز احمد ٹاس کےلئے میدان میں اترے،اصغر افغان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان نے کی طرف سے حشمت اللہ 97 رنز ناٹ آئوٹ کپتان اصغر 67 اور رحمت شاہ 36 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے، گرین شرٹس کے محمد نوازنے 3، شاہین آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

افغانستان کی طرف محمد شہزاد اور احسان اللہ نے اننگز کا آغاز کیا ،نویں اوور کی آخری گیند پر26 کے مجموعی اسکور پر ایک چوکے کی مدد سے 10رنز بنانے والے احسان اللہ کو محمد نواز نے آئوٹ کیا ۔

افغان ٹیم کو دوسرا نقصان 11 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر اٹھانا پڑا ،محمد نواز نے محمد شہزاد کو سرفراز احمد کی مدد سے قابو کیا ،جو 2 چوکوں کی مدد سے 20رنز ہی بناسکے ،یوں 31 کے اسکور پر دو افغان کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ۔

رحمت شاہ اور حشمت اللہ نے تیسری وکٹ پر 63 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور اسکور 94 رنز تک پہنچادیا ،اس موقع پر ایک بار پھر محمد نواز نے کام دکھایا اور 51 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنانے رحمت شاہ کو میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا ۔

چوتھی وکٹ پر حشمت اللہ اور کپتان اصغر افغان نے94رنز کی شراکت قائم کی ، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے وکٹ کے چاروں طرف کئی خوبصورت اسٹروکس کھیلے اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

42ویں اوورمیں افغان کپتان کو ایک چانس ملا ، شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حارث سہیل نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا، لیکن 56 گیندوں پر 5چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنانےاصغر افغان شاہین آفریدی نے انہیںبولڈ دیا اور میچ میں اپنی پہلی وکٹ کنفرم کرلی ۔

پاکستان کو پانچویں کامیابی 200 کے اسکور پر ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز بنانے والے محمد نبی کو شاہین شاہ آفریدی نے حسن علی کی مدد سے قابو کیا ،یہ میچ میں ان کی دوسری وکٹ تھی ۔

افغانستان کی چھٹی وکٹ 212 کے اسکور پر گری ،5رنز بنانے والے نجیب اللہ کو حسن علی نے بولڈ کیا اور میچ میں پہلی وکٹ اپنے نام کی۔

اننگز کی خاص بات حشمت اللہ شاہدی کی بیٹنگ رہی ، انہوں نے 118 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،آخری گیند پر بڑا شارٹ کھیل سنچری بنانے کی کوشش میں تاہم وہ ناکام رہے ۔

تازہ ترین