• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹنڈو غلام علی میں گدھوں کی عالمی منڈی،شائقین کی حالت قابل دید

ٹنڈو غلام علی(رپورٹ۔ مختار احمد کھٹی) حسب سابق اس سال بھی ٹنڈو غلام علی میں گدھوں کی عالمی منڈی کا اہتمام کیا گیا۔ ایک صدی سے زائد عرصے سے ٹنڈو غلام علی شہر کے مختلف حصوں میں لگائی جانے والی یہ منڈی حسب معمول تمام آب و تاب سے شروع ہوئی۔ اس بار بھی یہ منڈی شہر سے باہر میر بندہ علی کی پرانی جیننگ کاٹن فیکٹری کے گرائونڈ میں لگائی گئی ہے جہاں ملک کے دور دراز کے شہروں سے گدھوں کی بڑی تعداد فروخت کیلئے لائی گئی۔ منڈی میں چاروں طرف گدھوں کی آواز کا شور و شرابہ لگا رہا جبکہ شرکت کیلئے آنے والے گدھا مالکان سمیت دیکھنے والے شائقین کی حالت بھی قابل دید تھی۔ منڈی میں گدھوں کی سجاوٹ کے سامان کے اسٹال، گھاس کی فراہمی سمیت آنے والوں کی رہائش اور کھانے پینے کیلئے ہوٹلوں اور پان بیڑی کے اسٹال بھی کثرت سے قائم کئے گئے ۔ امسال منڈی کا ٹھیکہ آکشن نہ ہونے کے باعث انتظام ٹائون کمیٹی کے عملے اور علاقے کے معروف ٹھیکہ دار نے سنبھالا۔ انتظامیہ کی جانب سے پانی اور روشنائی کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ لوگوں کی اکثر تعداد سجے سجائے گدھوں کی کیٹ واک دیکھنے کیلئے شہر اور قرب جوار کے دیہات سے ٹولیوں کی شکل میں دن رات تفریح لیتے دکھائی دیتےرہے۔ منڈی میں دور دراز سے شرکت کیلئے آنے والے شائقین و خریداروں میں اکثریت کا کہنا تھا کہ ٹنڈو غلام علی میں گدھوں کی لگائی جانے والی اس منڈی کا وہ پورا سال اپنے علاقے میں انتطار کرتے ہیں، انکا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ منڈی انکے رابطے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اکثر گدھا مالکان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث انکے لائے جانے والے گدھوں کی انکو خریداروں کی جانب سے مناسب ریٹ نہ ملنے کے باعث وہ اپنے گدھے واپس لے جانے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اس منڈی کے توسط سے ڈرائیور حضرات کی چاندی ہو گئی وہ من مانے کرایوں کی وصولی سے گدھے مطلوبہ علاقوں میں لیکر جاتے ہیں۔اس منڈی میں ملک کے تمام صوبوں کے خرید و فروخت سے دلچسپی رکھنے والے تاجر حضرات کثیر تعداد میں شرکت کیلئے آتے ہیں۔ امسال گدھوں کی منڈی میں مسن وڈی کے مکین یامین کے گدھے کی بولی 10 لاکھ تعین کی گئی جس کی خریداروں کی جانب سے 9 لاکھ روپے دینے کی بولی لگائی گئی دوسرے نمبر پر ٹندو غلام علی پی پی پی جیالے کرڑ دایو کے گدھے کی قیمت 9 لاکھ روپے تعین کی گئی جس کی ادایئگی کیلئے 8 لاکھ روپے دینے کو کہا گیا مالک نے گدھا فروخت کرنے سے انکار کردیا ۔ امسال منڈی میں لائے جانے والے گدھوں کی تعداد پہلے کی نسبت کافی کم رہی اندازے کے مطابق 1200 کے قریب گدھے منڈی میں فروخت کیلئے لائے گئے۔
تازہ ترین