• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کل نیکٹا ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرینگے

لاہور (آصف محمود سے) وزیر اعظم عمران خان کل نیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں نیکٹا کے اعلیٰ افسران، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور ہوم سیکریٹریز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں نیکٹا کی استعدادکار اور نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی میں اس وقت گریڈ 17 سے 22 تک کے بیشتر افسران دوسرے محکموں سے ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی طرف سے نیکٹا میں گریڈ 1 سے 18 تک کی بھرتیوں کے احکامات بھی متوقع ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سے قبل یہ اعلیٰ سطح اجلاس 14 ستمبر کو ہونا تھا لیکن محرم الحرام کے پہلے عشرے اور وزیر اعظم کی مصروفیات کے باعث اجلاس کی تاریخ ری شیڈول کرکے 25ستمبر رکھی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق، نیکٹا کی استعدادکار اور آپریشنل سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے فنڈز کی شکل میں کثیر رقم دینے کے احکامات بھی متوقع ہیں۔
تازہ ترین