• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے سی کومعطل، اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے، کوئٹہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ کاکڑ نے ایڈووکیٹ نے اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ کی فور طور پر معطلی اور وکلاء کے ساتھ واقعہ میں ملوث دوسرے اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئیر قانون دان ہادی شکیل احمد ایڈووکیٹ میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہادی شکیل احمد اور دیگر وکلاء کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ اور اہلکاروں کی جانب سے جو واقعہ رونما ہوا اور وکلاء کے ساتھ اے سی و اہلکاروں نے جو رویہ اختیار کیا وہ انتہائی قابل مذمت اورناقابل برداشت تھا جس کے خلاف وکلاء برادری نے سٹی تھانے کے سامنے شدید احتجاج بھی کیا اور رات گئے تک دھرنا بھی دیا ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ اور اس واقعہ میں ملوث دوسرے اہلکاروں کو معطل کر کے قانون کے مطابق سخت کاروئی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ کے حکام کو ایک ہفتے کا وقت دیا ہے۔ اگر ہمارے اس مطالبے پر عمل نہیں ہوا تو جنرل باڈی کا اجلاس طلب کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے اپنے احتجاج میں وسعت اور شدت لائیں گے ہم قانون کی پاسداری کرتے ہیں مگر ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ ہمارا احتجاج ظلم کے خلاف ہے کسی بھی افسر یا اہلکار کو اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے ۔ہم وکلاء کی عزت اور وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
تازہ ترین