• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنوشری کے الزام پر امیتابھ بچن اور عامر خان نے کیا کہا؟

بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن اور عامر خان بھی تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار نانا پاٹیکر پر لگائے گئے جنسی ہراسگی کے الزام پر بول پڑے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سے نانا پاٹیکر پرلگائے جنسی ہراسگی کے الزام کے حوالے سے سوال کیا گیا جس پر عامر خان نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوس ناک ہے جبکہ امیتابھ بچن نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کی رائے دینے سے انکار کردیا۔

گزشتہ روز فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی ٹریلر لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، دوران تقریب صحافی نے تنوشری دتہ کی جانب سےاداکار نانا پاٹیکر پر لگائے جنسی ہراسگی کے الزام سے متعلق سوال کیا جس پر اداکار عامر خان نےکہا کہ وہ اس بارے میں بہت زیادہ تو نہیں جانتے لہٰذا اس پر تبصرہ کرنا درست نہیں، لیکن اگر واقعی میں اداکارہ کے ساتھ کچھ ایسا ہوا ہے تو یہ بہت ہی افسوسناک بات ہے۔

میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ جب امیتابھ بچن سےاس بارے میں رائے کا اظہار کرنے کے لیے کہاگیا تو انہوں نےبھی لاعلمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملے پر کسی بھی قسم کا جواب دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ ’میرا نام نا تو تنوشری دتہ ہے اور نا ہی نانا پاٹیکر۔‘

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے کچھ روز قبل انکشاف کیا تھا کہ اداکار نانا پاٹیکر نے انہیں 2008 میں ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

اداکار نانا پاٹیکر نے اس حوالے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، جس کو جو کہنا ہے کہتا رہے میں اپنا کام کرتا رہوں گا۔‘ انہوں نے تنوشری دتہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا بھی اعلان کردیاہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین