• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی الیکشن: سب سے بڑی اور معتبر ٹیم کے ساتھ ”جیونیوز“ کی خصوصی نشریات

کراچی (محمد ناصر) قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ضمنی الیکشن اتوار 14اکتوبر کو ہوگا ، مجموعی طور پر 35حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ اِن انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کئی اُمیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے ہوں گے۔ این اے 131 لاہور میں سعد رفیق اور پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر آمنے سامنے ہوں گے۔ این اے 124 میں شاہد خاقان اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین مدِمقابل ہوں گے۔ کراچی کے حلقہ 243 میں متحدہ اور تحریک انصاف میں کڑے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے ۔ پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اِن انتخابات کی بھر پور کوریج کیلئے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر ”جیونیوز“ نے رپورٹرز، اینکرز اور تجزیہ نگاروں کی سب سے بڑی اور معتبر ٹیم کے ساتھ ”خصوصی نشریات“ کا اہتمام کیا ہے ۔ پولنگ کے آغاز سے اختتام تک جاری رہنے والی نشریات میں سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ، شہزاد چوہدری، ارشاد بھٹی، مظہر عباس، حفیظ اللہ نیازی، امتیاز عالم، بابر ستار، سلیم صافی اور سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنما بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے جبکہ محمد جنید اور منیب فاروق میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز نیٹ ورک کی براہ راست ٹرانسمیشن میں تمام پولنگ اسٹیشنز کی صورتحال، پولنگ کا احوا ل ، نیوز پیکیجز، نمائندوں کی رپورٹس اور انتخابات سے جڑی ہر خبر کو بروقت عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ جیونیوز کی ویب سائٹ www.geo.tv/byelection پر بھی ناظرین الیکشن اور دِن بھر کی تازہ ترین خبروں سے آگاہ رہیں گے جبکہ ٹاک شوز اور ہیڈلائنزمیں بھی الیکشن کی ہر زوایئے سے کوریج ہوگی۔

تازہ ترین