اسلام آباد( نمائندہ جنگ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ میں ذاتی طور پر کسی بھی پارٹی میں فارورڈ بلاک بنانے کے خلاف ہوں،10 سال کی بربادی 60 دنوں میں ٹھیک نہیں ہو سکتی ،حکومت کو وقت دینا چاہیے،حالات بہتر ہونگے،انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال پر کہا کہ شہبازشریف کے ایک اشارے پر ڈی سی او، ڈی پی او تبدیل ہو جاتے تھے، سانحہ ماڈل ٹائون کی وجہ سے شہبازشریف اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، انشاء اللہ آنے والے وقت میں حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے اور بہتر سے بہتر ہوں گے، 10 سال کی بربادی 60 دنوں میں ٹھیک نہیں ہو سکتی اس لیے حکومت کو وقت دینا چاہیے تاکہ وہ حالات و واقعات کا جائزہ لے کر آگے بڑھ سکے، دنیا کی تاریخ میں بھی کبھی ایسا نہیں ہوا کہ دو ماہ بعد ہی تنقید شروع کر دی جائے،عثمان بزدار اچھے اور مضبوط وزیراعلیٰ ہیں وہ ضرور ڈیلیور کریں گے، سانحہ ماڈل ٹائون میں جو افسران ملوث تھے ان کو تبدیل کر دینا چاہیے تاکہ غیر جانبدارانہ انکوائری ہو سکے، اوورسیز پاکستانیوں کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا خوش آئند ہے اور انہیں ووٹ کا حق دینا الیکشن کمیشن کا اچھا اقدام اور تبدیلی کی طرف اشارہ ہے، نئی نسل آگے آ رہی ہے اس سے تبدیلی بھی سامنے آئے گی، قبل ازیں این اے 69 سے امیدوار مونس الہٰی، چودھری شفاعت حسین، راسخ الہٰی، محمد الہٰی اور حسن الہٰی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پنڈی تاتار میں اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔