• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی سابق اداکارہ وینا ملک نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ’ڈرامہ کوئین‘ کہہ ڈالا، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سابق میزبان اور متنازعہ اداکارہ وینا ملک نے شہباز شریف کی گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور تقریر کرنے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شہباز شریف کو ’’ڈرامہ کوئین‘‘ کہہ ڈالا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے متعلق ٹوئٹ کرنے پر وہ ایک مرتبہ پھر تنازعے کی زد میں آگئیں۔

وینا ملک کے ٹوئٹ کے بعدسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر صارفین کی ایک بڑی تعداد شہباز شریف کی حمایت میں سامنے آگئی ہے اور وینا ملک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں کھری کھری سنائی جارہی ہے۔



اداکارہ وینا ملک کے ٹوئٹ کے جواب میں ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ سے بڑا ڈرامہ کون ہوسکتا ہے اس دنیا میں ۔‘ ایک نور الہدا نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’یہ ٹائٹل آپ پر ہی سوٹ کرتا ہے، حقیقی ڈرامہ کوئین آپ ہیں۔‘


کسی نے وینا ملک کو ان کی بگ باس میں کی گئی حرکتیں یاد دلاتے ہوئے کہا آپ سے زیادہ ڈرامہ کوئین کوئی نہیں ہے، تو کسی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ آپ کہہ رہی ہیں؟ ‘


کسی نے شدید غصے کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’تمہیں دنیا کا کوئی بھی اچھا ٹائٹل نہیں مل سکتا، تمام گھٹیا ٹائٹل تمہارے پاس ہیں جو کوئی تم سے چھین نہیں سکتا۔‘


ایک منصور علی خان نامی صارف نے لکھا کہ ڈرامہ کوئین کا ٹوئٹ کرنے سے پہلےآپ شیشہ دیکھ لیتیں۔



تاہم وینا ملک کے اس ٹوئٹ پر کچھ لوگ ان کی حمایت کرتے بھی نظر آئے ہیں، وجاہت نقوی نامی صارف نے کہا کہ آپ نے ’شوبار شریف‘ کا جنس ہی تبدیل کردیا۔


ٹوئٹر صارف عمران ملک نے کہا کہ یہ سچ ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ڈرامہ کوئین نہیں بلکہ شہباز شریف کو ڈرامہ کنگ کہنا چاہیے، یہ آسکر ایوارڈ کے حقدار ہیں۔

تازہ ترین