• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مُنہ سے لہسن، پیاز کی بُو کو کیسے دُور کیا جائے؟

پیاز اور لہسن کا شمار ان سبزیوں میں ہوتا ہے جن کا استعمال انسانی صحت کے لیے بے حد مفید ہے اور تقریباً ہر کھانے میں ان دو چیزیوں کا ڈالنا بھی ضروری ہوتا ہے لیکن مسئلہ اس وقت درپیش آتا ہے جب لہسن اور پیاز کھانے کے بعد سانس اور منہ سے بو آتی ہے۔

تحقیقات کے مطابق پیاز اور لہسن میں کچھ ایسے مضبوط مرکبات موجود ہیں جن کے باعث سانس میں بو پیدا ہوتی ہے، ان مرکبات میں allicin، allyl methyl sulfide and cysteine sulfoxide شامل ہیں جو کہ ان دونوں میں پائے جاتے ہیں۔ پیاز اور لہسن کے استعمال کے بعد سانس اور منہ سےآنے والی بو کو ختم کرنے کے چند آسان طریقے مندرجہ ذیل ہیں:

دودھ : ماہرین کا یہ ماننا ہے کہ دودھ میں کچھ ایسے عناصر شامل ہیں جو بدبو پیدا کرنے والے مرکبات کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر لہسن اور پیاز کو کھانے کے بعد فوراً ایک گلاس دودھ کا پی لیا جائے تو یہ منہ سے آنے والی بو کو ختم کردیتا ہے۔ لیکن اس بات کاخاص خیال رکھا جائے کہ کھانے اور دودھ پینے کے درمیان 15 سے 20 منٹ کا وقفہ ہو۔

سیب: لہسن اور پیاز کے استعمال کے بعد اگر سیب کھا لیا جائے تو یہ منہ میں آنے والی بو کو ختم کردیتا ہے کیونکہ اس میں شامل قدرتی ایسڈ منہ میں موجود لعاب کی پیداوار کو سرگرم کرتا ہے اور سانس کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑے ہوئے خلیوں کو بھی باہر نکال دیتے ہیں جو منہ میں بدبو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ سیب کا استعمال کاٹ کر بھی کیا جاسکتا ہے اور اس کا جوس بھی بے حد فائدہ مند ثابت ہوتاہے۔

پانی: منہ سے لہسن اور پیاز کی بو کو ختم کرنے کا نہایت آسان طریقہ یہ ہے کہ کھانے کے بعدنیم گرم پانی پی لیا جائے۔ یہ نا صرف منہ اور سانس سے بو کو ختم کرتا ہے بلکہ سانس کو مہکاتا ہے اور منہ میں موجود جراثم کو بھی مارتا ہے۔

پارسلے کے پتے: پارسلے کے پتوں کا استعمال منہ سے بو کو ختم کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے، کھانے کے بعد اگر ایک یا دو پارسلے کے پتے چبالیے جائیں تو یہ بو کو بلکل ختم کردیتا ہے۔ اس کے علاوہ پارسلے کے پتے تالو کی صفائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

لیموں پانی: لیموں پانی کا استعمال منہ سے لہسن اور پیاز کی بو ختم کرنے کا ایک اور طریقہ ہے، لیموں کی جراثیم کش خصوصیات سانس میں بو کا باعث بننے والے بیکٹریا کو ختم کرتا ہے۔ لیموں پانی کے استعمال کا طریقہ یہ ہے کہ ایک کھانے کا چمچ لیموں کا عرق لیں اور ایک کپ پانی میں ملا کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب اس محلول سے دو سے تین بار کلیاں کریں، بو ختم ہو جائے گی۔

شوگر فری چیونگ گم: لہسن اور پیاز کو کھانے کے بعد اگر شوگر فری چیونگ گم چبالی جائے تو یہ منہ سے بو کو ختم کردیتا ہے۔

الائچی اور سونف: الائچی اور سونف کو مشترکہ استعمال انسانی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے، یہ منہ کی بدبو کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ نظام ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پورے دن میں کم ازکم ایک یا آدھا چائے کا چمچ سونف اور الائچی ضرور چبائیں۔ اس کے علاوہ سونف سے بنی ہوئی چائے کو ماؤتھ فریشنر کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین