امریکی ریاست آرکنساس سے تعلق رکھنے والے خوش قسمت نے امریکی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا جیک پاٹ جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاٹری حکام کے مطابق یہ ٹکٹ آرکنساس کے شہر لِٹل راک کے مضافات میں صرف 2 ڈالر میں فروخت ہونے والے ایک ’پاوربال‘ لاٹری ٹکٹ نے کرسمس کی شام ہونے والی قرعہ اندازی میں میں 1.817 بلین ڈالر کا جیک پاٹ جیت لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’پاوربال‘ لاٹری کا کھیل گزشتہ تین ماہ سے جاری تھا تاہم قرعہ اندازی میں کسی ٹکٹ ہولڈر کا نمبر نہ نکلنے کے باعث جیک پاٹ کی رقم بڑھتی رہی۔
’پاوربال‘ کی ویب سائٹ کے مطابق پاوربال نمبر 19 کے ساتھ فاتح نمبرز 04، 25، 31، 52 اور 59 تھے۔ یہ گزشتہ تین ماہ میں 46ویں قرعہ اندازی تھی۔ اس سے قبل کسی بھی کھلاڑی کے تمام چھ نمبرز میچ نہیں ہو سکے تھے۔
آخری لمحات میں فروخت ہونے والے ٹکٹس نے جیک پاٹ کو پہلے سے متوقع رقم سے کہیں زیادہ بڑھا دیا، جس کے بعد یہ امریکی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اور 2025 کا سب سے بڑا پاوربال انعام بن گیا۔
اس جیک پاٹ کے تحت ایک بار میں نقد رقم لینے کا آپشن 834.9 ملین ڈالر رکھا گیا ہے۔
پاوربال پروڈکٹ گروپ کے چیئرمین اور آئیووا لاٹری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میٹ اسٹراؤن کا کہنا ہے کہ یہ واقعی ایک غیر معمولی اور زندگی بدل دینے والی انعامی رقم ہے۔ امریکا کی تاریخ میں سب سے بڑا لاٹری انعام 2022 میں کیلیفورنیا میں جیتا گیا تھا ، یہ 2.04 ارب ڈالر کا پاوربال جیک پاٹ تھا۔