• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں ہونے والے پہلے اسکوائش ایونٹ میں سخت مقابلے متوقع

بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ2 نومبر سے کوئٹہ میں شروع ہوگی۔ ایف سی بلوچستان، فورسز اور صوبائی حکومت کے تعاون سے ہونے والی چیمپئن شپ میں انگلینڈ، میکسیکو، ہانگ کانگ ملائشیا اور امریکا کے انٹرنیشنل کھلاڑی اور ڈیلی گیٹس شرکت کررہے ہیں۔

ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی خان آف قلات کے بھائی اور او جی ڈی سی ایل کے سابق چیئرمین پرنس عمر احمد زئی جبکہ اعزازی مہمان آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم ہوں گے۔ چیمپئن شپ کا فائنل بدھ 7 نومبر کو ہوگا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ہوں گے۔ چیمپئن شپ میں پاکستانی اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلےکی توقع ہے۔

چیمپئن شپ کے آرگنائزر محمد عمر نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کی تاریخ کی یہ پہلی انٹرنیشنل چیمپئن شپ ہے جس میں انگلینڈ، میکسیکو، ہانگ کانگ، ملائشیا اور امریکا کے ٹاپ کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے صف اول کے کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔

ایونٹ میں شریک ہونے والے کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہے اورکل پندرہ میچز کھیلے جائیں گے جن میں بارہ میچز، دو سیمی فائنلز اور ایک فائنل شامل ہے۔ جمعہ کو چیمپئن شپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوگی جس کے بعد ہفتے سے میچز کا آغاز ہوگا۔

انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ بدھ کی شب سے شروع ہوکر جمعرات سے تک جاری رہےگا۔ چیمپئن شپ کیلئے پرنس عمر احمد زئی نے گرانٹ منظور کرائی تھی اور ان کی خواہش تھی کہ بلوچستان میں بھی ایک بڑا اسکواش ایونٹ ہو جس میں دنیا بھر کے کھلاڑی شرکت کریں۔ بلوچستان خاص طور پر کوئٹہ کے حالات اس وقت بہت اچھے ہیں اور انٹرنیشنل کھلاڑی اس میں شرکت کرکے پاکستان کے پرامن حالات کا دنیا بھر میں پیغام دیں گے۔

تازہ ترین