• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا : پارلیمنٹ کی معطلی ختم ، صدر نے پیرکو اجلاس طلب کرلیا

سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے پارلیمنٹ کی معطلی ختم کر کے پیر 5نومبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا اعلان کر دیاہے۔انھوں نے اس حوالے سے کہا کہ انھوں نے ایسا اس لیے کیا ہے تاکہمعلوم ہو کہ پارلیمنٹ کی اکثریت کس کے ساتھ ہے۔

پارلیمنٹ اجلاس میں معزول وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لیے جانے کا امکان ہے، وکرما سنگھے کا سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہنا ہے کہ عوام کی آواز سنی جائے گی اور ملک میں جمہوریت پروان چڑھے گی۔دوسری طرف راجا پکسے کے اقتدار سنبھالنے سے ملک میں جمہوریت پسندوں میں دوبارہ خوف و خدشات ابھرنے لگے ہیں، یاد رہے کہ راجہ پکسے نے اپنے دس سال دور حکومت میں تامل بغاوت کو انتہائی ظالمانہ انداز میں کچلا اور بدترین قسم کی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی خلاف ورزی کی۔

واضح رہے کہ سری لنکن صدر متھری پالا سری سینانے گذشتہ جمعے کو وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کوعہدے سے ہٹا کر پارلیمنٹ سولہ نومبر تک معطل کر دی تھی، اور اپنے پرانے حریف سابق صدر مہندا راجاپکسے کو نیا وزیراعظم نامزد کر دیا تھا،جس کے بعد ملک میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی تھی۔اور نئے وزیراعظم کے حامیوں نے مختلف محکموں کے دفاتر پر دھاوا بول دیا تھا، اور پٹرولیم منسٹری کے دفتر پر راجہ پکسے کے حامیوں کے حملے کے دوران وزیرپٹرولیم ارجنا رانا ٹنگے کے گارڈز کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک بھی ہوگیا تھا۔

ادھر معزول وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے صدر کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا تھا، اور وہ مسلسل پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کررہے تھے، جس کے بعد اب صدر سری سینا نے پیر کو پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

تازہ ترین