کراچی میں رات گئے ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے کار سوار سمیت دو شہریوں کو زخمی کردیا جبکہ پاک کالونی میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد گینگ وار کے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کورنگی کاز وے ندی پر ڈکیتی مزاحمت پر جعفر نامی شخص زخمی ہوا، لیاقت آباد ڈاکخانہ پل کے اوپر ڈاکوؤں نے کار نہ روکنے پر کار پر فائرنگ کردی۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان غلام عباس رضوی زخمی ہوا، زخمی نوجوان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گولی کار کے دروازے سے آر پار ہوکر لگی ہے تاہم فائرنگ کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکیا گیا، ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہو رہے تھے۔
پولیس نے ملزمان سے اسلحہ اور چھینا ہوا سامان برآمد کرلیا۔