• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ نے 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کو 154رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کی ٹیم نے 7 وکٹ کے نقصان پر 153 رنز بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

نیوزی لینڈکی طرف سے کیورے اینڈرسن نے 25گیندوں پر 44 رنز ناٹ آئوٹ کی شاندار اننگز کھیلی ،دیگر نمایاں بیٹسمینوں میںکولن منرو 44 اور کپتان کین ولیم سن 37 رنز شامل ہیں۔

مہمان ٹیم کی طرف سے کولن منرو اور گلین فلپس نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 50 رنز کی شراکت قائم کی ،پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین فلپس تھے ،جو5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ،ان کی وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔

گرین شرٹس کو دوسری وکٹ 56 کے اسکور پر ملی ،2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنانے کولن منرو کو محمد حفیظ نے سرفراز احمد کی مدد سے قابو کیا ۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 67 کے اسکور پر گری ،گرینڈ ہوم صرف4 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر شعیب ملک کو کیچ تھما بیٹھے ۔

گزشتہ میچ میں آخری وقت تک جان ڈالنے والے روس ٹیلر اس بار صرف 3 اسکور بنانے میں کامیاب رہے اور رن آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

مہمان ٹیم کی پانچویں وکٹ کپتان کین ولیم سن کی گری جو37 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کا دوسرا شکار بن گئے ۔

آخری اوور میں نیوزی لینڈ کی دو وکٹیں گری ،پہلے ٹم سٹی فرٹ11 بناکر شاہین آفریدی کا تیسرا شکار بنے، دوسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین ٹم ساوتھی تھے جو صفر کے اسکور پر رن آئوٹ ہوگئے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 3،عماد وسیم اور محمد حفیظ نے 1،1 وکٹ حاصل کی،جبکہ پاکستانی فیلڈرز نے 2 نیوزی لینڈرز کو رن آئوٹ کیا۔

پاکستان نے گزشہ میچ میں نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے دی تھی۔

تازہ ترین