• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیم نہ بنے تو ملک قحط سالی کا شکار ہوسکتا ہے،سینیٹر فیصل جاوید

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی چار ماہ کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے جبکہ پاکستان کے پاس صرف ایک ماہ کے لیے پانی کا ذخیرہ موجود ہے جو ایک انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ ڈیم نہ بننے کی صورت میں ملک میں آئندہ سات آٹھ سال تک قحط سالی ہوسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے ایک فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام پاکستانی کمیونٹی ناروے نے سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے کیا تھا۔ تقریب میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں سالانہ نوے فیصد پانی ضائع ہوجاتاہے۔ صرف دس فیصد پانی باقی بچتا ہے جو ہمارے ملک کے لیے ناکافی ہے۔ بائیس ارب ڈاالر مالیت کا پانی سالانہ ضائع ہوتاہے۔ اگر ڈیم نہ بنے تو صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیم فنڈ میں روزانہ 10 کروڑ تک رقم آرہی ہے اور اب تک اس فنڈ میں جمع ہونے والی رقوم 7 ارب سے کراس کرچکی ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے مزید کہاکہ بیس ارب ڈالر سالانہ اوورسیز پاکستانی پاکستان بھیجتے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرکے یہ رقم بڑھ کر چالیس ارب ڈالر ہوسکتی ہے۔

تقریب سے خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی، ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان، پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر سید حسنین اشعر عاشی اور سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران مشہور پاکستانی اداکارہ عتیقہ اڈھو بھی موجود تھیں۔

تقریب کے دوران عمران خان کا ایک بلا اور گیند بھی نیلامی کے لئے پیش کی گئی، جس کو بلا نارویجن پاکستانی نوجوان محسن رضا نے ایک لاکھ نارویجن کراون میں خرید لیا۔

اگرچہ تقریب میں جمع شدہ رقوم کے اعداد و شمار کا ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا لیکن غیرمصدقہ ذرائع کے مطابق اس تقریب میں 6 ملین کراون کے لگ بھگ رقم جمع ہوئی ہے۔

تازہ ترین