• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے ملزم لانے کا معاہدہ، آئرلینڈ کے ساتھ بھی معاہدے کی منظوری، وزرا، اعلیٰ حکام کے بیرون ملک علاج پر پابندی، وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے برطانیہ اور آئرلینڈ سے ملزم لانے کے معاہدے اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی ری اسٹرکچرنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کی منظوری دیدی ہے اور وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کو اسکا ٹاسک دیا گیا ہے۔ جبکہ کابینہ نے وزراء، اعلی حکام کے بیرون ملک علاج پر پابندی لگادی ہے۔ کابینہ نے دیگر معاہدوں کی منظوری اور توثیق کی ۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دیدی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ چین کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور وزیر خزانہ اسد عمر نے چین کے ساتھ معاہدوں کی تفصیل سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے حال ہی میں مذہبی جماعتوں کے احتجاج میں ہونے والے نقصانات اور معاوضے کی ادائیگی سے متعلق بھی کابینہ کو آگاہ کیا، وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ فواد چوہدری نےبتایا کہ مو جودہ حکومت کو 70دن ہو گئے ہیں ۔ اس دوران کابینہ کے 11اجلاس ہو ئے۔ کابینہ نے 120 فیصلے کئے جن میں سے 72 پر مکمل عملدرآمد ہوا ۔ 31پر عمل زیر التواء ہے ۔ 15پر عمل جاری ہےاور صرف 4 فیصلے ایسے ہیں جن پر 72 دن گزرنے کے باوجود عمل نہیں ہو۔ کابینہ نے متعلقہ وزارتوں کو ان فیصلوں پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن کے چیئرمین کے عہدہ پر ریاض احمد میمن کی تقرری کی گئی ہے۔ احمد نوا زسکھیرا کو سیکرٹری بورڈ آ ف انوسٹمنٹ لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آ ف پاکستان ( ایس ای سی پی ) کا نیا بورڈ تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ہےجس کے ممبران میں ڈ اکٹر حامد مرزا ، وقار احمد اور یگر شامل ہیں ۔ ایف بی آر سے پا لیسی سازی کا اختیار واپس لے لیا گیا ہے۔ یہ اختیار اب پا لیسی بورڈ استعمال کرے گا۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صدارت کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، (ن) لیگ کا شہبازشریف کو پی اے سے کی سربراہی دینے کا مطالبہ اتنا ہی غیر اخلاقی ہے جتنا ان کی پانچ سال کی حرکتیں ہیں۔ وزیراعظم مک مکا کرکے نہیں کھیلیں گے اپوزیشن کو اسی بات کی تکلیف ہے وہ این آر او چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی کو عہدے سے نہیں ہٹایا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ مسٹر جسٹس اطہر من اللہ کے چیف جسٹس بننے کی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قوانین پر نظر ثانی کیلئے وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ٹاسک فورس کام کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے مختلف مقدمات میں ملزمان کو حفاظتی تحویل میں لینے کی منظوری دی جب کہ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان سفارتی تعلقات کے فروغ کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کوسٹ گارڈ جبکہ پاک-سوڈان سیاحت اور جنگلی حیات کے تحفظ کےمعاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔وفاقی کابینہ نے سیلولر کمپنی ہواوے کے ساتھ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پروگرام معاہدے کی منظوری بھی دی۔ کابینہ نے رسول خان، وسیم اختر، حفیظ عباس، محمد مشتاق اور سجاد علی موہڑہ کی حفاظتی تحویل کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان معاہدے کی منظوری کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے سی ای او اور چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس کے دوران نجی ایئر لائن کو اندرون ملک پروازوں کے لیے چارٹرڈ لائسنس کی منظوری بھی دی گئی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ ختم کرنے کا سابقہ حکومت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر بورڈ کو برقرار رکھنے اور مزید فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے 2017ء کی پارلیمنٹیرینز اور ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔

تازہ ترین