• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری فضا کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، نوابزادہ تیمور تالپور

صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس ٹیکنالوجی، ماحولیات اور کوسٹل ڈیویلپمنٹ نوابزادہ تیمور تالپور نے کہا ہے کہ شہر میں عمارتوں کو تجارتی جگہوں پر جو اچانک آگ لگ جاتی ہے اسے بچانے کیلئے ہمارے پاس فائر فائٹنگ کے آلات جدید تقاضوں کو پورا نہیں کرتے۔

ماضی میں یہ انتظامات جس پارٹی کے پاس تھے حیرت ہے کہ 30 سال تک شہر پر حکمرانی کرنے والوں نے بھی فائر فائٹنگ کے آلات پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے آج شہر کراچی کا یہ حال ہے۔ وہ کراچی میں ماحولیات اور فائر فائٹنگ کے حوالے سے ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی جگہوں اور بلند و بالا عمارتوں میں آگ اور دیگر ہنگامی معاملات سے نمٹنے کیلئے مناسب انتظامات نہیں ہیں یہ تمام کام ان جگہوں کی انتظامیہ کو خود کرنے چاہئیے، لیکن افسوس کہ یہ تمام کام صرف حکومت پر چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں صاف پانی کی ترسیل، سمندر کی آلودگی، شہر میں تازہ ہوا کی کمی و آلودگی، شہر میں کچرے کے ڈھیر، زیرزمین پانی کی سطح میں کمی، ماحولیات میں تبدیلی کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر اس کے اثرات پڑرہے ہیں جس سے ان کی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ خصوصاً وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی پوری کوشش ہے کہ ہم کراچی شہر سمیت پورے سندھ میں ماحولیات کو بہتر بنائیںاور یہاں فائر فائٹنگ کے جدید آلات متعارف کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹھویں ترمیم کے بعد حکومت سندھ نے سندھ تحفظ ماحولیات ایکٹ 2014متعارف کرایا اور قلیل مدت میں اس کے قواعد و ضوابط بنائیں۔ اب ہماری کوشش ہے کہ شہر میں ماحولیات پر بھر پور توجہ دیں تاکہ لوگوں کو تازہ ہوا اور بہتر صحت میسر آئے ہم کوشش کرئیں گے کہ فائر فائٹنگ کے جدید آلات کو شہر میں متعارف کرائیں اور عوام میں بھی آگہی مہم چلائیں تاکہ ان میں شعور بیدار ہو اور وہ ماحولیات کو خود بہتر بنائیں۔

تازہ ترین