• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا ہائوسز کے بقایات فوری ادا کر یں، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں )وزیراعظم عمران خان نےمیڈیا ہائوسز کےبقایات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کردی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نےکہاہے ہم اشتہارات کے سیاسی فوائد کے حق میں نہیں،اشتہارات پرحکومتی کنٹرول ختم کررہے ہیں، اشتہارات میرٹ سسٹم کے ذریعے تقسیم ہونگے ،وزیر اعظم کی جانب سے میڈیا ہائوسز کی ادائیگیوں کافیصلہ اہم ہے ،میڈیا انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ،ادائیگیوں کے نتیجے میں میڈیا ورکرز کو نکالنے کاسلسلہ روکنے میں مدد ملے گی ۔پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا سےمتعلق اہم اجلاس ہواجس میں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین ، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل ، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان ،صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی اوربلوچستان سے ڈی جی پی آر سمیت متعلقہ سیکرٹریز انفارمیشن شریک ہوئے۔اجلاس کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں چودھری فواد حسین نے کہاکہ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ میڈیا کے بقایا جات کو فوری طور پراداکیاجائے،وزیراعظم کے اعلان کی اہمیت اس لئے ہے کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے میڈیا سےلوگوں کو نکالاجارہاہے،ہماری کمٹمنٹ تھی کہ لوگوں کو روزگار دینگے، بیروزگاری سے بچاناہمارا مقصد ہے،ہم نے فوری ریلیف کے طور پر وزیراعظم کی ہدایت پر فیصلہ کیاہے کہ تینوں صوبوں اور وفاق میں میڈیا کے بقایا جات کلیئر کرنے کا پراسیس شروع کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جس طریقے سے اشتہارات کو بطورسیاسی ہتھیاراستعما ل کیا ہم اس کے حامی نہیں،اس وقت میڈیا میں جو افرا تفری نظر آرہی ہے اس کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے جس سے پورے کا پورامیڈیا بزنس متاثر ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ اشتہارات پر حکومتی کنٹرول کو ختم کر رہے ہیں، اشتہارات کے اجرا کے لئے میرٹ پر مبنی پالیسی بنا رہے ہیں جس کے بعد میڈیا انڈسٹری پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے اور صحافت کو استحکام ملے گا،ہم نے پہلی بار سرکاری میڈیا پرسنسر شپ ختم کردی ،فواد چوہدری نےکہامجھے امید ہے اس فوری ریلیف سے میڈیا کے بڑے گروپس کے اندر ورکرز کو نکالے جانے کا سلسلہ فوری طورپر رک جائیگا،ہماری کوشش ہے ورکرز اور میڈیاملازمین کی نوکریوں کا تحفظ کیا جاسکے ،ہماری میڈیا پالیسی انشاء اللہ عام صحافی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوناہوگی ۔

تازہ ترین