• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کراچی ، تجاوزات کیخلاف دوسرا بڑا آپریشن، باغ، لائٹ ہائوس پر 800 چھوٹی بڑی دکانیں مسمار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے احکامات پر شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف سب سے بڑا آپریشن تیسرے ہفتے میں داخل ہوگیا، جس کے پندرہویں روز پیر کو شہر کی معروف مارکیٹوں آرام باغ اور لائٹ ہائوس( لنڈا بازار) میں واقع غیر قانونی دکانوں اور تجاوزات کو مسمار کردیا گیا، ایمپریس مارکیٹ سے متصل تجاوزات کے خاتمے کے بعد یہ دوسری سب سے بڑی کارروائی تھی، آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں قریباً 350 اورلنڈا بازار میں قریباً 450 غیر قانونی چھوٹی بڑی دکانوں اور تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے صاف کیا گیا، کارروائی شام گئے تک جاری رہی۔ اس موقع پرانسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں، نالوں اور پارکس میں قائم غیرقانونی دکانوں اور تجاوزات کو بلاامتیاز و بلاتفریق صاف کیا جارہا ہے، جبکہ وہ غیر قانونی تعمیرات جو اپنی حدود سے آگے بنائی گئی ہیں انہیں بھی توڑا جائے گا اور شہر کی ایک انچ سرکاری زمین پر بھی تجاوزات نہیں رہنے دیئے جائینگے۔ آرام باغ مارکیٹ کی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ اسٹیٹ کے پاس مجموعی طور پر 175 دکانیں رجسٹرڈ ہیں، جنہیں وہاں کے دکانداروں نے بڑھا کر او پر نیچے کیبن بنانے کے ساتھ ساتھ ایک دکان کو دو دکانوں میں تقسیم کرلیا تھا، اس طرح یہ تعداد قریباً 350 دکانوں تک پہنچ گئی تھی، اسی طرح لنڈا بازار کی مجموعی طور پر 297 دکانیں رجسٹرڈ ہیں اور یہاں پر بھی دکانداروں نے ایک دکان کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے دکانوں کی تعداد بڑھا لی تھی، اس طرح یہاں بھی قریباً 450 غیر قانونی دکانیں اور تجاوزات موجود تھیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین