• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

84 ہزار میں سے 50ہزار شکایات بجلی کی اوور بلنگ کی تھیں، وفاقی محتسب

لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی محتسب سیدطاہر شہباز نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کی طرف سے گزشتہ سال 84 ہزار کیسز کوسنا گیا جن میں سے 50ہزار سے زائد شکایات بجلی کی اوور بلنگ کی تھیں‘ 99 فیصد فیصلوں پر عملدرآمدہوا‘ صرف 0.6 فیصد فیصلوں کے خلاف صدر پاکستان کو اپیل کی گئی جس میں سے اکثر پر صدر کی طرف سے محتسب کے فیصلوں سے اتفاق کیا گیا۔ وہ منگل کے روز وفاقی محتسب آفس لاہور میں قومی کمشنر برائے اطفال کے زیر اہتمام قصور میں بچوں پرہونیوالے جنسی تشدد کے واقعات پر ریسرچ کے حوالے سے منعقدہ پارلیمنٹرینز کے سیشن کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔اس موقع پر نیشنل کمشنر برائے اطفال اعجاز احمد قریشی اور سینئر ایڈوائزر ندیم اشرف بھی موجود تھے۔ وفاقی محتسب نے کہاکہ عوامی شکایات زیادہ تر یوٹیلیٹی اداروں بجلی‘ گیس‘ نادرا کیخلاف آتی ہیں جن کا 60دنوں کے اندر فیصلہ کیا جاتا ہے‘ انہوں نے کہاکہ ہماری 22 کروڑآبادی میں 10 کروڑ بچے شامل ہیں‘ اکثریت کو بنیادی حقوق پوری طرح میسر نہیں۔ قصور میں ہونیوالے دردناک واقعہ پر نیشنل کمیشن برائے اطفال کو گہرائی میں تخقیق کی ہدایت کی گئی جس پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کی رپورٹ اہل علم اور صاحب رائے افراد کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تازہ ترین