• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ہماری قیادت ایک سرخ لکیر ہے، ان کے حوالے سے توہین آمیز بات برداشت نہیں کریں گے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے برطانوی نشریاتی ادارے سے خصوصی بات چیت میں  کہا کہ ولی عہد دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث نہیں ہیں۔

یہ بات انہوں نے امریکی سینیٹ کے ارکان کی اس درخواست کے بعد کہی جس میں صدر ٹرمپ سے سعودی ولی عہد کے اس قتل ملوث ہونے یا نہ ہونے کی دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں امریکا کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا دفاع کیا ہے مگر یہ بھی کہا کہ ہو سکتا ہے ولی عہد جمال خاشقجی کے وحشیانہ قتل کے بارے میں ’اچھی طرح‘ جانتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہو سکتا ہے وہ جانتے ہوں اور ہو سکتا ہے ایسا نہ ہو۔‘

عادل الجبیر نے مزیدکہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو منصب سے ہٹانے کا مطالبہ ایک ’سرخ لکیر‘ ہے،۔ خادم الحرمین شریفین اور ولی عہد (محمد بن سلمان) ایک سرخ لکیر ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ’ ولی عہد جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث نہیں ہیں۔ ہماری تحقیقات جاری ہیں اور ہم ان افراد کو سزا دیں گے جو اس کے ذمہ دار ہیں۔‘

یاد رہے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے خیال میں یہ بیہمانہ قتل صرف ولی عہد کے حکم پر ہی ہو سکتا تھا۔

تازہ ترین