ہم شاید پوری زندگی پانچ سو کتابیں نہ پڑھ سکیں لیکن 3 جنوری 2010ء کو پیدا ہونے والاننھا پروفیسر زیڈان حامد500سے زائد کتابیں پڑھ چکا ہے اور عنقریب یہ تعدا د ایک ہزار ہونے والی ہے۔ لِٹل پروفیسر کے نام سے پہچانے جانے والے زیڈان کو اُن کی صلاحیتوں کی وجہ سے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے، جن میں Source of Inspiration, The Little Professor, Miracle Baby, The Chemistry Cockroach, The Youngest Speaker, Future Scientist اور Little Einstein شامل ہیں۔
زیڈان حامد پاکستان سے تعلق رکھنے والے غیر معمولی ذہانت کے حامل دنیا کے کم عمر ترین مائیکروسافٹ کے ماہر ہیں، جنہوں نے مائیکرو سافٹ آفس امتحان میں 769پوائنٹس حاصل کر کے5سال کی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دیا۔ زیڈان کا تعلق راولاکوٹ آزاد کشمیر سے ہے اور وہ راولپنڈی میں رہائش پذیر ہیں ۔
زیڈان کا شمار حیرت انگیز اور ناقابلِ یقین حد تک ذہین لوگوں میں ہوتا ہے اور ان کی صلاحیتوں کا دائرہ کار نہایت ہی وسیع ہے۔ زیڈان کو تین سال کی عمر سے ہی مشکل ترین مضامین پر حیرت انگیز حد تک عبور حاصل ہے، جن میں فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، جیالوجی، ریاضی،جنرل سائنس، میڈیکل، میڈیا، مارشل آرٹس، تاریخ،جغرافیہ،ادب، فلکیات، مذاہب، قرآن، کمپیوٹر، کھیل، ماحولیات، پولیٹیکل سائنس، حالاتِ حاضرہ، مختلف زبانیں، فکشن، سیاست اور شاعری جیسے اعلیٰ سطح کے مضامین شامل ہیں۔ ان تمام موضوعات پر زیڈان کسی پی ایچ ڈی سے گفتگو کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
زیڈان نے کسی تعلیمی ادارے سے استفادہ نہیں کیا کیوں کہ ان کی اعلیٰ معیار کی ذہانت کے تقاضے پورا کرنا کسی اسکول کے بس کی بات نہیں تھی۔ انہوں نے اپنی ذہانت کے بل بُوتے پر گھر میں ہی اپنے والدین کی مدد سے ہر مضمون پروسیع علم حاصل کیا۔ اس سے بھی منفرد اور حیران کر دینے والی بات یہ ہے کہ انہیں ساڑھے تین سال کی عمر سے ہی ا سکول، کالج اور یونیورسٹی میں اپنے سے عمر میں کئی گُنا زیادہ بڑے طلبہ کو لیکچر دینے کے لیے بلایا جاتا ہے۔5سال کی عمر میں میڈیکل کے طلبہ کو انسانی جسم کی تمام ہڈّیوں پر لیکچر دینے کا اعزاز بھی زیڈان کے پاس ہے۔
زیڈان پاکستان کے وہ واحد سپوت ہیں جن کو 2016ء، 2017ء اور2018ء میں جیو نیوز سے نشر ہونے والے سلیم صافی کے مشہور پروگرام جرگہ میں مدعو کیا گیا اور انہوں نے تینوں مرتبہ ایک ایک گھنٹے تک ہر ممکن موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس پروگرام میں بچوں کی شرکت کچھ محدود وقت کے لیے ہوتی ہے مگر زیڈان نے مسلسل ایک گھنٹے تک مختلف موضوعات پر تبادلہِ خیال کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ اس کے علاوہ زیڈان کو تعلیم، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کا کم عمر ترین علم بردار مانا جاتا ہے۔ وہ ایک مصنف، بلاگر، میزبان، پبلِک اسپیکر، ماحولیات کے ماہر، ٹرینر اور مارشل آرٹس کے ماہر بھی ہیں۔ زیڈان کو اِس کم عمری میں ہی ایک Opinion Maker کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ وہ ہر سال رمضان میں اپنے ویب چینل پر علم سے بھر پور ایک پروگرام کرتے ہیں۔ ہر خاص موقع پر وہ اپنی ایک ویڈیو بھی جاری کرتے ہیں، جو بچوں اور بڑوں کو ان جیسا قابل ہونے پر ابھارتی ہے۔ تعلیمی کاموں کے علاوہ وہ عالمی و علاقائی امن، بچوں کے حقوق اور ماحول کی بہتری کیلئے بھی کام کرتے ہیں۔
چار سال کی عمر میں دنیا کے تمام ممالک کا جغرافیہ20منٹ میں بیان کرنابھی زیڈان کی ناقابلِ یقین ذہانت کا ثبوت ہے۔ چار سال کی عمر میں ہی زیڈان نے علامہ اقبال کے فلسفے پر25منٹ کے دورانیے کا لیکچر دیا، جس میں اقبال کے تمام فلسفے کو نہایت دلکش انداز میں بیان کیا اور اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں نے دیکھا اور سراہا۔ اقبال کے فلسفے پر اس درجہ عبور کی بدولت زیڈان کو اقبالِ ثانی کہا گیا اور اس کی تقلید میں بچوں کی ایک کثیر تعداد کو اقبال کی شاعری سے شغف ہوا۔ تاریخ کے بارے میں گفتگو ہو یا کھیل کے میدان کی پیچیدگیاں، دنیا کے جغرافیہ کی معلومات ہوں یا وڈیو گیمز کی سائنس، مذاہب کا تقابلی جائزہ ہو یا قرآن پر اٹھائے گئے اعتراضات کے جوابات، مختلف لکھاریوں کی تصانیف کی بات ہو یا گاڑیوں کی نِت نئی معلومات ، زیڈان اس کم عمری میں ہی اپنے علم سے ہر ایک کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں زیڈان نے بتایا کہ ان کا گھر ہی ان کا اسکول، کالج، یونیورسٹی اور تجربہ گاہ ہے۔ ان کے والدین نے ان کی ذہنی سطح کو دیکھتے ہوئے ان کے لیے سرگرمیاں تشکیل دی ہیں۔ مختلف مضامین کے ساتھ ساتھ زیڈان کو مختلف زبانوں میں بھی دلچسپی ہے اور وہ کیمبرج اسلامک کالج سے عربی اور اسلامک اسٹدیز میں دو سالہ ڈپلومہ کر رہے ہیں۔ یہ ڈپلومہ اےلیول کے برابر ہے اور زیڈان دنیا کے کم عمر طالب علم ہیں، جو یہ ڈگری حاصل کر رہے ہیں۔ اس ڈگری میں عربی اوراسلامیات کے مشکل اور قدیم ترین مضامین شامل ہیں، مثال کے طور پر مختصر القدوری، صرف و نحو، بلوغ المرام، حماسہ، کلیلہ و دمنہ، قصص النبیّین اور فقہ کی مختلف کتابیں شامل ہیں۔ زیڈان اس ڈپلومہ کا سال اوّل شاندار نتائج کے ساتھ مکمل کر چکے ہیں اور یہ اچھوتا اعزاز بھی زیڈان کے حصے میں آیا ہے کہ پہلی مرتبہ ایک آٹھ سال کے بچے نے ان مضامین کو مہارت اور نہایت تیزی کے ساتھ سیکھا ہے، جو عام طور پر یونیورسٹی کی سطح پر طلبہ سیکھتے ہیں۔ زیڈان کی تیز ترین سیکھنے کی صلا حیت کو دیکھنے کے بعد کیمبرج اسلامک کالج نے انہیں ڈپلومہ کیلئے اسکالرشپ دی، عام طلبہ کویہ2ہزار ڈالرمیں کروایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پروفیسر زیڈان سیرتِ نبویﷺ پر بھی چھ ماہ پر محیط ڈپلومہ کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ زیڈان مختلف زبانوں جیسے انگریزی اور ہسپانوی پر آن لائن کورسز کر چکے ہیں اور اپنے والدین کی مدد سے اولیول امتحانات کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔ زیڈان تمام علوم اور ذہانت کے ساتھ ساتھ حافظِ قرآن بھی بننا چاہتے ہیں۔