پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کاسب سیکریٹریٹ بہاولپور میں بنانےکی حمایت نہیں کی، وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کاسب سیکریٹریٹ ملتان میں قائم کرنےکا فیصلہ کیاہے، جس کی حمایت کرتا ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی جانب سے بہاولپور میں صوبہ جنوبی پنجاب سب سیکرٹریٹ کے قیام کی حمایت کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔
جہانگیر خان ترین نے بیان میں مزید کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب کا سب سیکریٹریٹ ملتان میں قائم ہو گا، وزیر اعظم کے اس فیصلہ کی مکمل حمایت کرتا ہوں، ملتان جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا اور مرکزی شہر ہے جہاں تک رسائی بہاولپور کی نسبت آسان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن سے قبل سب سے پہلے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام سے قبل ہی سول سیکریٹریٹ اپنا کام شروع کر دے گا، سول سیکریٹریٹ میں چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی لیول کے افسران بیٹھیں گے خطہ کے شہریوں کو اپنے کام کے لیے لاہور نہیں جانا پڑے گا۔