• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم میں نمایاں تبدیلی، بحراوقیانوس سے ڈیانا طوفان کی آمد کاخطرہ

لندن( نیوز ڈیسک) برطانیہ میں اگلے چند دنوں کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی کی توقع کی جارہی ہے جبکہ بحر اوقیانوس سے اٹھنے والے طوفان ڈیانا سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا بھی خطرہ ہے، ماہرین موسمیات کاکہناہے کہ طوفان جو ابھی برطانیہ سے سیکڑوں میل کی دوری پر ہے بدھ کو برطانیہ سے ٹکرا سکتاہے،اس طوفان کے نتیجے میں برطانیہ کے مغربی حصوں میں شدید بارشوں اور برفیلے طوفان کاخدشہ ہے جبکہ چھوٹے درجے کاخراب موسم منگل کو بھی ممکن ہے، محکمہ موسمیات کے ڈپٹی چیف ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ ایسا نظر آرہاہے کہ اگلے ہفتے کے آغاز ہی میں برطانیہ کے موسم میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی،توقع کی جاتی ہے کہ منگل سے جنوب مغرب کی جانب سے بارشیں ہوں گی اورتیز ہوائیں ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی،تاہم فی الوقت شدید بارشوں اورتیز ہوائوں کے درست وقت کے بارے میں غیر یقینی صورت حال ہے جبکہ بدھ کو ڈیانا طوفان ہمارے ساحلوں کی طرف بڑھ رہاہے۔اس دوران60میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور دو دن کے دوران کم وبیش 80ملی میٹر تک بارش متوقع ہے،لیکن ماہرین موسمیات کاخیال ہے کہ ڈیانا طوفان انتہائی تیزی کے ساتھ آگے نکل جائے گا،اس طرح خراب موسم 48 گھنٹے سے زیادہ برقرار نہیں رہے گا اور طوفانی کیفیت کے باوجود درجہ حرارت معتدل رہےگا اور جنوب مشرق میں درجہ حرارت15 درجہ سینٹی گریڈ تک رہے گاجو کہ گزشتہ سال اس وقت سے 5 درجہ سینٹی گریڈ زیادہ ہوگا لیکن ڈیانا کے ٹکرانے سے قبل درجہ حرارت میں تیزی سے کمی ہوگی جس سے خاص طورپر رات بھر دھند چھائی رہے گی۔
تازہ ترین