بالی ووڈ کے معروف کامیڈین کپل شرما اگلے ماہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، اپنی شادی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کپل نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی باراپنی منگیترگینی کے گھر رشتہ بھیجا توان کےہونے والے سسر نے انہیں انکار کردیا تھا۔
بھارتی اخبار ’ٹائمزآف انڈیا‘ سے گفتگو میں کپل شرما نے بتایا کہ وہ اپنی ہونے والی بیوی گینی سے پہلی مرتبہ سال 2005 میں ملے تھے، وہ بھارتی شہر جلندھر کے ایچ ایم وی (HMV) نامی کالج میں طلبہ کا آڈیشن لینے کی غرض سےگئے تھے جہاں وہ زیر تعلیم تھیں اور وہیں ان کی ملاقات گینی سے ہوئی۔
کپل نے اپنی محبت کی ’فلمی‘ کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے مزید کہا کہ جب پہلی مرتبہ ان کی گینی سے ملاقات ہوئی تو اس وقت گینی 19 اور وہ 24 برس کے تھے۔ دونوں ایک دوسرے کو پہلی ہی ملاقات میں پسند کرنے لگے تھے لیکن اس وقت کپل کے مالی حالات درست نہ ہونے کی وجہ سے وہ گینی کے گھر رشتہ نہ بھیج سکے۔
ممبئی میں وہ ’لافٹرچیلنج‘ نامی پروگرام کے لیے آڈیشن دینے گئے لیکن ناکام ہوگئے جس کے بعدانہوں نے دوسرا آڈیشن ایک پنجابی چینل پر دیا اور منتخب ہوگئے، اس کے بعد ان کے کچھ حالات بہتر ہوئے تو وہ گینی کے گھر رشتہ لے کر گئے جس پر ان کے والد نے نہایت پیار سے انہیں ’شٹ اپ‘ کہہ کر مسترد کردیا۔
اس کے بعد وہ ممبئی آگئے اور پھر ان کی کامیابی کا سفر شروع ہوگیا، اس وقت وہ گینی کو بھولے نہیں تھے اور ایک بار پھر سال 2016 میں انہوں نےگینی کو کال کی اورانہیں شادی کی پیشکش کی اور اس بار گینی کے والد نے کپل کو انکار نہیں کیا۔
گینی کی سالگرہ کے موقع پر کپل نے ان کے لیےخوبصورت پیغام جاری کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی اور گینی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری زندگی کے ہر موڑ پر میرے ساتھ کھڑے رہنے کے لیے اور مجھےایک بہتر انسان بنانے کے لیے بہت شکریہ، اور آپ کے بے پناہ پیار کے لیے بھی میں بے حد شکر گزار ہوں۔ سالگرہ مبارک‘
13 سال ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار رہنے کے بعد اب انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا ہے اور اگلے ماہ کی 12 تاریخ یعنی 12 دسمبر کو یہ جوڑا شادی کے بندھن میں بندھے گا اور ان کے استقبالیے کی تقریب 22 دسمبر کوہوگی۔