• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‘’زرداری جیل جانیوالے ہوتے ہیں تو سندھی پگڑی باندھ لیتے ہیں‘‘

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری کے تین اسٹائل بہت مشہور ہیں جب صدر بنناہوسوٹ میں آجاتے ہیں ، آج کل انہوں نے سندھ کی پگڑی باندھ لی ہے، اس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، وہ جب جیل جانے والے ہوتے ہیں تو سندھ کی پگڑی باندھ لیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اور عمران خان جند جان ہیں، خان صاحب سادہ آدمی ہیں، انہوں نے دل کا بتا دیا، انتخابات تو وزیراعظم کا حق ہے، تین سال بعد کرا دیں،دو دفعہ کہہ چکا ہوں کہ مارچ سے پہلے جھاڑو پھر جائے گی ۔

راولپنڈی میں ریلوے کے وزیر شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سی پیک اس وقت تک کوئی نتیجہ نہ دےسکے گا جب تک ریلوے کا محکمہ ترقی نہیں کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے نے ایک روز میں 9کروڑ 70لاکھ روپے کی ریکارڈ کمائی کی ہے، 25دسمبر سے ریلوے کی ترقی کا مہینہ شروع ہو جائے گا، ایم ایل ٹو اور تھری کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔

شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان سے کراچی کے لیے دو سستی ٹرینیں شروع کی ہیں، اللہ سے مدد مانگی ہے، منافع میں 10ارب کا اضافہ کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گرین لائن میں ایک کوچ اور بڑھا رہے ہیں، نالہ لئی کے قریب آباد غریبوں کو کہتا تھا کہ اپنی جائیدادیں نہ بیچیں ،کوشش ہوگی کہ نالہ لئی پر ریلوے ٹریک بچھایا جائے۔

شیخ رشیدکا کہنا ہے کہ s10ٹرینیں ایک روپیہ لگائے بغیرشروع کی ہیں، 5فریٹ ٹرینیں اور چل گئیں تو 10پسنجر ٹرینیں اور چلائیں گے، 2 ہزار ریلوے کراسنگز پر پھاٹک نہیں اور پیسے نہیں ہیں، جو آمدنی ہو رہی ہے اسی سے ریلوے چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ سڑک ملک کی اکنامی چلا سکتی ہے،یہ عقل کے اندھے ہیں، 18،20 ارب ڈالر سڑک پر لگا دیے، یہ بجری، ریت اور سیمنٹ ہے، وہ تارکول ہے، سڑک بن گئی، اصل تو پٹری ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ کراچی سےپشاور 1700کلومیٹر تک نئی ٹرین چلا رہے ہیں، تفتان سے کوچ چلانے کی فزیبلٹی تیار ہے، فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 8گھنٹے میں پنڈی سے کراچی پہنچنے والی ٹرین چلائیں گے، گجر خان سے جہلم موڑ ختم ہوگیا تو سوا دوگھنٹے میں لاہور جائیں گے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ روزلال حویلی جا سکتاہوں تو مجھے راولپنڈی میں تجاوزات پر اعتراض نہیں، کوئی ووٹ دیتا ہے دے ۔

انہوں نے سوال کیا کہ کبھی ڈاکٹر کی ایسی کوئی رپورٹ سنی ہے جو شہباز شریف کے لیے آئی ہے؟ پاکستان میں تمام ضمانتیں میڈیکل رپورٹس پر ہوتی ہیں ۔


تازہ ترین