• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو لاہور کی احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اس سے قبل شہباز شریف کو سخت سیکیورٹی میں لاہور کی احتساب عدالت پہنچایا گیا تھا، دورانِ سماعت عدالت نے نیب کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس اور شہباز شریف کے اکاؤنٹس کا کیس ایک جیسے ہیں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد شہبازشریف کو جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے، صدر مسلم لیگ نون کو 13 دسمبر کو دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجے جانے پر شہبازشریف کو فیروز پور روڈ پر واقع کیمپ جیل پہنچا دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جیل میں شہبازشریف کی سیکیورٹی پر 5اہلکاروں کو مامور کر دیا گیا، شہبازشریف کو کیمپ جیل سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے نعرے لگائے، اس دوران لیگی کارکنوں کی پولیس سے تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی۔

نون لیگی کارکنوں کا پولیس سے تصادم اس وقت ہوا جب انہوں نے سڑکوں پر رکھی گئی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی۔

پولیس نے مسلم لیگ نون کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا جس سے بھگدڑ مچ گئی،پولیس نے متعدد لیگی کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا۔

احتساب عدالت کے ارد گرد کشیدگی پھیل گئی جبکہ اس صورت حال کے پیش نظر علاقے کی دکانیں پہلے ہی بند کرا دی گئی تھیںاور پولیس کو بڑی تعداد میں علاقے میں تعینات کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ پیشی پر احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 6دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کیا تھا۔

تازہ ترین