مسلم لیگ ن کے رہ نما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سو دنوں میں روپے کی جتنی ڈی ویلویشن ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی،سو دن تو کیا یہ حکومت ہزار دن بھی گزار لے تو پیچھے کی طرف ہی جائے گی،حکومت کا مڈ ٹرم الیکشن کروانے کا بیان دھمکی ہے،حکومت کبھی بھی جلدی الیکشن کروانے کا رسک نہیں لے گی۔
نارووال میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت جو ملک میں احتساب کا عمل ہے،یہ مسلم لیگ ن کے خلاف ٹارگٹ ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں پر مسلم لیگ ن سے زیادہ سنگین مقدمات نیب میں زیر التوا ہیں،دیکھیں گے کہ نیب پی ٹی آئی کے لوگوں کو گرفتار کرنے میں کیا اتنی ہی پھرتی دکھاتی ہے جتنی شہبازشریف کی گرفتاری میں دکھائی گئی۔
انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کرے،اپوزیشن حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔