• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرائم میں ملوث سیاسی رہنمائوں کا وکٹری نشان بنانا بے حسی، تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ سیاسی رہنما بے حس ہیں، گھناؤنے جرائم میں بھی عدالتوں سے باہر نکل کر وکٹری کے نشان بناتے ہیں، نواز شریف نے پاناما کیس کو بہت مس ہینڈل کیا اور اپنے خلاف خود ہی مقدمہ بنوادیا، سندھ حکومت گورننس کی اچھی مثال نہیں ، کراچی میں تجاوزات کیخلاف مہم کا طریقہ کار غلط ہے، انسداد تجاوزات مہم رکنی نہیں مزید منظم انداز میں کی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، سلیم صافی، حفیظ اللہ نیازی، ریما عمر، بابر ستار اور حسن نثار نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال کیا حسن اور حسین نواز کے عدالت میں پیش نہ ہونے کا ذمہ دار نواز شریف کو ٹھہرایا جاسکتا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ نواز شریف نے پاناما کیس کو بہت مس ہینڈل کیا اور اپنے خلاف خود ہی مقدمہ بنوادیا،قطری خط نواز شریف کے مقدمہ کا محور تھا لیکن پھر وہ اس خط سے پیچھے ہٹ گئے۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین نواز کو عدالت میں پیش کرنا نواز شریف کی ذمہ داری نہیں ہے، نواز شریف قطری خط سے دستبردار نہیں ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی پانچ پانچ پیشیاں ہورہی ہیں، اپوزیشن کیخلاف مقدمات حقیقی احتساب یا انتقامی کارروائی؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ اپوزیشن کیخلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی الزامات کا جواب دیں معصوم ہیں تو سزا کا سوا ل ہی پیدا نہیں ہوتا، اپنی کرپشن چھپانے کیلئے دوسروں پر انگلی اٹھانا غیرمتوازن رویہ ہے، پی ٹی آئی حکومت کو اپنی سمجھ نہیں آرہی انتقام کسی سے کیا لے گی، ہماری سیاسی قیادت بے حسی کی انتہا پر ہے، یہ گھناؤنے اور گندے جرائم میں بھی عدالتوں سے باہر نکل کر وکٹری کے نشان بناتے ہیں۔سلیم صافی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے مگر یہ وقت کا انتقام ہے۔

تازہ ترین