• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلمی ادکارائیں بھلے سے دکھنے میں کم عمر لگیں لیکن ان کی پہلی فلم کی ریلیز کا سال ان کی موجودہ عمر کا راز کھول دیتاہے، اورجب یہ اداکارائیں اپنی سالگرہ منارہی ہوتی ہیں تو پتہ چلتاہے کہ پچیس تیس سال کی دکھائی دینے والی حقیقتاً چالیس پچاس کی ہونے والی ہیں، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ یہ اپنی عمر سے پندرہ بیس سال کم عمر دکھائی دیتی ہیں۔ اس کا راز چھپا ہوا نہیں ہے ، زیادہ تر سیلیبرٹیز سرجری ، فلرز یا بوٹوکس کے ذریعے خود کو جواں سال بنائے ہوئے ہیں۔اب سوال ایک اور سامنے آتا ہے کہ چہرے کےخدوخال میں آپ نے ٹیکنالوجی کا سہارا لے لیا لیکن دمکتی جِلد، چمکتی آنکھوں اور آنکھوں کے گرد جھریاں نہ ہونے کا بھی کوئی راز تو ہوگا۔

کیا کوئی ایسی بات ہے جو یہ سیلیبرٹیز جانتی ہیں اور آپ نہیں؟ یا انہیں دنیا کے بہترین ڈرماٹولوجسٹ اور کاسمیٹولوجسٹ کی خدمات حاصل ہوتی ہیں ، جو انہیں دنیا کی بہترین کریموں اور لوشنز کے مشورے دیتے ہیں۔ اس کا جواب تو مشہور سیلیبرٹیز ہی دے سکتی ہیں۔

ڈیمی مور

11نومبر کو56ویں سالگرہ منانے والی ڈیمی مور کا کہنا ہے، ’’ میرے نزدیک موئسچرائزنگ ہی اینٹی ایجنگ کا روایتی نسخہ ہے ، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنا ہی رات گئے اسے استعمال کریں ۔میں جب بھی گھر پہنچتی ہوں تو میں اپنا چہرہ صاف کرنے اور موئسچرائز کرنے میں کافی وقت لیتی ہوں۔میرا اس پر بہت یقین ہے، اگر آپ کی توجہ اپنی اچھی اسکن کیئر پر مرکوز ہے تو آپ کو بہت زیادہ میک اَپ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

جینیفر لوپیز

جے لو زندگی کی 49 بہاریں دیکھ چکی ہے اور اس کی مسکراتی آنکھوں کے ارد گرد جھریوں کا نام و نشان تک نہیں ہے۔ ان جھریوں سے بچنے اور ختم کرنے کیلئےبہت گہرائی تک موئسچرائزنگ کرنے اور ان اجزا کی ضرورت ہوتی ہے، جو جھریا ںبننے کا باعث بننے والے خلیوں اور کولیجن کو پیدا ہونے سے روکیں۔ اس کیلئے جے لو مشہور برانڈکی آئی کریم کے ساتھ دوسری پروڈکٹ لائن جیسے کہ رات کو لگانے والی فیشل ری سرفیسنگ سیرم (facial resurfacing serum) استعمال کرتی ہے۔ اگر آپ بھی اسے چار ہفتے مسلسل استعمال کریںگی تو نہ صرف آپ کی جھریاں غائب ہو سکتی ہیں بلکہ آپ اپنی جِلد کی لٹکن میں بھی کمی پائیں گی۔

سینڈرا بولک

سینڈرا بولک اس وقت54سال کی ہیں، اور ان کی جِلد ابھی بھی نم (dewy)اور ستواں دکھائی دیتی ہے۔ لیکن ایسا دکھائی دینا سینڈرا کیلئے آسان نہیں تھا ،اس نے اپنی زندگی کے چند سال کافی ذہنی دباؤ میں گزارے، جس کا اثرا س کے چہرے پر نظرآنا چاہئے تھا ، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ آخر اس نے ایسا کیا کیا؟

سینڈرا کے زیرِ استعمال رہنے والی کریم میں موئسچرائزنگ اینٹی رنکل پائوڈ رہوتاہے ۔ وہ ایسی کریم استعمال کرتی ہے، جس کےاجزا نباتات پر مشتمل (plant-based)ہوتے ہیں ، یعنی اس میں پالک ، روزمیری (rosemary)اور جنگلی گلاب کا تیل (evening primrose oil)شامل ہوتاہے ، جو جِلد کو جواں اور تروتازہ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

جولیانے مور

اس سال دسمبر میں 58ویںسالگرہ منانے والی جولیانے مور کی ستواں جِلد کے بارے میں کوئی پوچھتا ہے تو وہ بتاتی ہے کہ کوئی دن نہیں گزرتا جب وہ ہائی SPFسن اسکرین نہ لگاتی ہو ، چاہے بارش ہو یا دھوپ ، وہ سن اسکرین لگانا نہیں بھولتی اور وہ اس عادت کو 20سال کی عمر سے اپنائے ہوئے ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ دن میں سڑک پر چلتے ہوئے کوشش کرتی ہے کہ ویمپائرز کی طرح سائے میں اپنے قدم بڑھائے۔ تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ بھی جولیانے کی طرح خود کو دھوپ سے بچائیں اور صحت مند جِلد پائیں۔

چلیں چلتے چلتے جولیانے کا ایک اور راز کھولتے چلیں کہ وہ جو بھی سن اسکرین لگاتی ہیں اس میں UVAاور UVBشعاعوں کے خلاف کام کرنے والے اجزا ہوتے ہیں۔ جولیانے مور کے زیر استعمال سن اسکرین کا فارمولا جِلد میں بآسانی جذب ہو جاتاہے اور جِلد پر ایک گریسی لیئر چھوڑ دیتا ہے ، جو اسے دھوپ کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

ایوا گرین

ایواگرین کو ریڈ کارپیٹ سے زیادہ تیز رنگ کی سرخ لپ اِسٹک پسند ہے ، جو اس کی شخصیت کا حصہ ہے اور اس کے بغیر ایوا خود کو ادھورا سمجھتی ہے ۔ جولیانے کی طرح ایوا گرین بھی خود کو ویمپائر سمجھتی ہے، جو دن میں نہیں نکلتے۔ لیکن جب دن کے اوقات میں باہر نکلنا ہو تو وہ بے پناہ سن اسکرین استعمال کرتی ہے۔ وہ اپنی جِلد کیلئے الٹیمیٹ یو وی ڈیفنس (Ultimate UV Defense)کو بہت اچھا گردانتی ہے، پھر بھی وہ چاہتی ہے کہ دھوپ میں نہ ہی نکلے تو بہتر ہے۔ وہ گھر میں یا چھائوںمیں بھی ہوتو ہروقت اپنی جِلد کو ایک مہنگے فرینچ برانڈ سے موئسچرائز کرتی ہے۔اپنی عمدہ صحت کیلئے ایوا گرین پوری نیند لینے کی کوشش کرتی ہے اور5سے6گھنٹے سونے میں کامیاب بھی ہوجاتی ہے۔ تاہم جب وہ شوٹنگ پہ نہیں ہوتی تو جی بھر کے سوتی ہے۔

تازہ ترین