لاہور(خبرایجنسی) ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اربیہ کے بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے دوسرے شعبے میں تبادلے کے حوالے سے مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی۔آڈیو میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت تبادلے کے لئے ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی پر دبائوڈال رہے ہیں، راجہ بشارت نے ردعمل دینے سے انکار کر دیا ہے۔سوشل میڈیا پر آنے والی ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت ایم ایس بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی ڈاکٹر طارق نیازی کو ٹیلیفون کر کے لیگی رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ کو ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ سے واپس اسکن ڈپارٹمنٹ میں ٹرانسفر کرنے کی ہدایت دیتے ہیں۔ گفتگو میں ڈاکٹر طارق یہ بھی موقف اختیار کر رہے ہیں کہ چاہےان کا تبادلہ کر دیا جائےوہ ڈاکٹر اریبہ کا ٹرانسفر نہیں کریں گے۔ ایم ایس کے اس موقف پر راجہ بشارت غصے میں آ گئے اور دھمکی دی کہ اگلے دن ایم ایس اس اسپتال میں نہیں ہوں گے۔