پیرس کی شام دھند کی لپیٹ میں تھی اور اس دھندلی فضائوں میں کرنسٹن ڈنسٹ اپنے سنہرے بالوں کو لہراتے ہوئے ایک ہوٹل میں داخل ہورہی تھی، اس کے چہرے پر پڑنے والے ڈمپلزا س کی مسکراہٹ کو اور بھی نمایاں کررہے تھے ۔ اس شاندار ہوٹل میں اسے اپنا انٹرویو ریکارڈ کروانا تھا اور اپنی دلکش شخصیت کے راز کھولنے تھے۔
بالوں کی دیکھ بھال
کرسٹن نیچر ل بیوٹی پر یقین رکھتی ہے اسی لیے کم سے کم میک اپ کرتی ہے ،جو فرانسیسی خواتین کا اسٹائل ہے۔ کرسٹن امریکی ہے اور اپنے گھنے ، لمبے اور سنہرے بالوں کی وجہ سے خوبصورت دکھائی دیتی ہے، اسی لیے پہلے اس کے بالوں کی بات کرتے ہیں۔ کرسٹن کا کہنا ہے ،
’’میری خوش قسمتی ہے کہ میرے بال اتنے اچھے ہیں۔ نہانے کے بعد بھی مجھے بالوں کیلئے کچھ خاص نہیں کرنا پڑتا ، لوگ سمجھتے ہیں کہ میں انہیں کلر کرواتی ہوں جبکہ ایسا بالکل نہیں ہے، کلر کروانا تو دور کی بات، میں نے اس بارے میں کبھی سوچا بھی نہیں،نہ ہی کبھی ایسی بیوقوفی کی۔ جب میں بہت چھوٹی تھی تو میری ماںایک ہیئر ڈریسر کے پاس جاتی تھیں ، وہاں وہ اپنے بال رنگوانے کیلئے رنگوں کو مکس کرواتی تھیں اور میں رنگ مکس کرنے میں ان کی مدد کرتی تھی۔ مجھے وہ بہت اچھا لگتا تھا، سوچتی تھی کہ میں بھی کبھی ایسا کروں گی۔لیکن اس کی ضرورت نہیں پڑی ، میرے بال قدرتی طور پر سنہرے ہوتے چلے گئے۔ ان کا رنگ بدلتا رہتاہے، ہو سکتاہے کچھ دنوں میں یہ سونے کے بجائے چاندی جسے دکھنے لگیں ‘‘۔
اسکن کیئر روٹین
’’ جہاں تک میری اسکن کیئر روٹین کا تعلق ہے، تو میں بھی وہی کرتی ہوں، جو دیگر خواتین کرتی ہیں۔ ایک مرتبہ میں لاس اینجلس فیشل کروانے گئی تو میری فیشلسٹ نے کہا کہ جب تک آپ فیس پروڈکٹ کے سبھی اجزا کو نہ پڑھ لیں، اسے تب تک استعمال نہیں کرنا چاہئے۔
مجھے میری فیشلسٹ نے یہ بھی مشورہ دیا کہ صبح اٹھ کر کبھی منہ مت دھونا کیونکہ مجھے اس کی ضرورت نہیں ہے، اگرمنہ دھونا ہے تو ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے کیونکہ اس سے جِلد سخت ہو تی ہے ۔ میری ایک سہیلی جو بہت زیادہ سفر کرتی ہے، ٹھنڈے پانی اور برف سے بھر ایک آئس بکٹ اور چہرے پر پھیرنے کیلئے کپڑا رکھتی تھی اور جب موقع ملتا ہے، ٹھنڈا کپڑا چہرے پر پھیرتی رہتی ہے۔
ایکسرسائز کی ضرورت
’’ مجھے لگتا ہے کہ جب میں کام کررہی ہوتی ہوںتوبھاگم دوڑ میں میرا وزن خود بخود کم ہو جاتاہے،کیونکہ سیٹ پر میںزیادہ باقاعدگی سے کھانا کھانے لگتی ہوں یا کھانے کا معمول بہتر ہو جاتاہے۔ جب میں کام نہیں کررہی ہوتی تو کبھی کبھا ر میرا ناشتہ چھوٹ جاتا ہے اور آپ تو جانتے ہی ہیں کہ اپنے میٹا بولزم کو کِک اسٹارٹ دینے کیلئے اچھی طرح ناشتہ کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ لیکن بہت سے سین ایسے ہوتے ہیں جس کیلئے آپ کو وزن کم کرنا پڑتا ہے ، ہاں البتہ جب میں کا م نہیں کرررہی ہوتی تو میںوزن کے بارے میں کچھ زیادہ دھیان نہیں رکھتی ۔‘‘
بیوٹی کرش
’’آج سے چند سال قبل میرا دل ایک برانڈ کے Light Revealing Pearls of Powder پر آگیا تھا۔ میں نے اسے ہاتھ میں لیااور اس کی خوشبو سونگھی تو مجھے لگا ،میں اپنی ماں کے پاس کھڑی ہوں ۔کیونکہ وہ بھی یہی بیوٹی پروڈکٹ استعمال کرتی تھیں ۔‘‘
عمر کا خوبصورتی سے تعلق
’’جب میں تیس سال کی ہوئی( آج سے چھ سال پہلے ) تو میں خود کو زیادہ خوبصورت نہیں سمجھتی تھی اور سوچتی تھی کہ میں کبھی بھی اپنے حسن میں اضافہ نہیں کر پائوں گی۔ مجھے لگتا تھا کہ آپ جوان ہیں تو خوبصورت ہیں اور خوبصورتی کا انحصار جوانی پر ہی ہوتا ہے۔لیکن پھر میں نے اپنی سوچ بدلی اور اب آپ کے سامنے ہوں اور کسی سے کم نہیں ہوں۔ ‘‘
کرسٹن ڈنسٹ کی فلمو گرافی
کرسٹن ڈنسٹ مشہور زمانہ فلم ’’ اسپائڈر مین ‘‘ سیریز کی تینوں اور اب تک کی بہترین فلموں کی ہیروئن رہ چکی ہے اوراس نے ٹوبے میگائیور کے مقابل کا م کیا تھا ۔ جبکہ کرسٹن کی دیگر مشہور فلموں میں ’ انٹرو یو ود ویمپائر ، جمانجی، مدر نائٹ، دا ورجن سوسائڈز، لکی ٹائون، ومبلڈن، الیزبتھ ٹائون، آل گڈ تھنگز، مالینخولیااور ووڈ اسٹاک‘ شامل ہیں ۔